پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی افتتاحی تقریب، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ کا خطاب
وزیر اعظم شہباز شریف نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی خدمت ہمارانصب العین اورشفافیت کے فروغ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، کرپشن اور میرٹ کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں، پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (پی اے ایف ڈی اے) کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ،وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑسمیت وفاقی وصوبائی وزرا،اسمبلی ممبران و دیگر بھی موجود تھے۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ عوام کوبنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں، ملک کے جس کونے میں بھی جائیں عوامی خدمت کے منصوبوں پر مسلم لیگ (ن) کی ہی مہر نظر آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اسی طرح ملک کے کونے کونے میں عوامی منصوبوں کے جال بچھائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا منصوبہ عوام کی بہت بڑی خدمت ہےجس پر میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور ان کی پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں،عمارت جوکھنڈرات کی تصویر بن گئی تھی، آج یہ جدید مشینری سے لیس ہے۔
انہوں نے کہا کہ خوراک، زرعی مصنوعات اور ادویات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے ریگولیٹری ادارے کا قیام وقت کی ضرورت ہے ،فوڈ سکیورٹی اور حفظان صحت کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ایک اہم اقدام ہے۔
جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اس منصوبے کے لیے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی کوششیں قابل تحسین ہیں اورمجھے امید ہے کہ پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی خطے میں سینٹر آف ایکسیلینس بنے گی،یہ صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے پاکستان کی خدمت کے لیے بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میرٹ اور شفافیت کسی بھی ملکی ترقی کے لیے ضروری ہیں، ماضی میں بدقسمتی سے قومی وسائل کا غلط استعمال کیا ،ادارے کرپشن کی نذر ہو گئے ،کرپشن اور میرٹ کی خلاف ورزی کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ چاول کی برآمد کے حوالے سے مجھے شکایت ملی جس پر اس ادارے کا سارا عملہ تبدیل کر کے ان کو سرپلس پول بھیج دیا اور آج وہ ادارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جرائم کی کمی اور ناقابل تردید ثبوت کی فراہمی کے لیے فرانزک لیب کا جال بچھایا۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد محمد نواز شریف اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت اور ان کے ویژن کے مطابق پنجاب ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی ادارے کے قیام پرخوشی ہے ، یہ منصوبہ عوامی خدمت کا منہ بولتا ثبوت ہے اورادارے کا قیام ادارے میں موجود ہر فرد کی محنت کا مرہون منت ہے۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باجود عالمی معیار کی ٹیسٹنگ لیب کا نہ ہونا افسوس ناک امر تھا جس سے برآمد و درآمد کنندگان کو مسائل کا سامنا تھا اور لاکھوں کا نقصان ہو رہا تھا ،یہ 10 سال کی کٹھن محنت کا نتیجہ ہے ،آئندہ ماہ یہ مکمل ہو جائے گاجسے عالمی معیار کے مطابق بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا یہ صرف افتتاح نہیں بلکہ ترقی کا سفر ہے،میرٹ پر کسی بھی صورت سمجھوتا نہیں کیا جائے گا ،سیٹلائٹ کرائم یونٹ کا دائرہ 38 اضلاع تک بڑھایا جائے گا ،خواتین سائنس دانوں کے لیے 2 ارب 30 کروڑ کی لاگت سے ہاسٹل قائم کیا جائے گا ،اے آئی کا دائرہ کار سکولوں تک وسیع کیا جائے گا،ورچوئل پولیس سٹیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈیجیٹل انقلاب کا آغاز ہو چکا ہے ،کاروبار کی آسانی کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں، ایک بزنس کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز نے پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا باقاعدہ افتتاح کیا اور بعد ازاں اتھارٹی کے مختلف شعبوں ولیبارٹری کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر پاکستان کی پہلی پنجاب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے خدوخال اور اعراض و مقاصد کے بارے میں معلوماتی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔
South Asia’s first and most advanced Punjab Science Enclave. Bringing high-tech laboratories for agriculture testing, drug testing, and food testing together under one roof. pic.twitter.com/uI7dU7oWeC