ٹرمپ نے ایران کو ’ڈیڈ لائن‘ دیدی؛ امریکی میزائل بردار بحری جہاز ایلات میں لنگرانداز
اگر ایران نے ڈیڈ لائن سے قبل معاہدہ نہیں کیا تو بڑا حملہ کریں گے؛ امریکی صدر
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے خفیہ طور پر ایران کو ڈیڈ لائن دیدی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے ڈیڈ لائن سے قبل جوہری معاہدہ قبول نہیں کیا تو بہت بڑی فوجی کارروائی کریں گے۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایران کو ڈیڈ لائن دینے کے ساتھ ہی خطے میں امریکی فوجیوں نقل و حرکت تیز کردی گئی۔
تازہ پیشرفت میں ایک امریکی میزائل بردار تباہ کن جہاز اسرائیل کے بحیرۂ احمر کے شہر ایلات کی بندرگاہ پر لنگرانداز ہوا ہے۔
صدرٹرمپ نے اس ڈیڈ لائن کی مدت ظاہر نہیں کی البتہ ان کا کہنا تھا کہ صرف وہی جانتے ہیں کہ ڈیڈ لائن کیا ہے۔ امید ہے معاہدہ ہوجائے، ورنہ دیکھیں گے کیا ہوتا ہے۔
دوسری جانب ایرانی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کسی بھی صورت اپنے جوہری اور دفاع پروگرام پر نظرثانی نہیں کرے گا۔
یاد رہے کہ امریکا ایران میں یورینیم افزودگی پر پابندی، پہلے سے افزودہ یورینیم کی ملک سے منتقلی، طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں کے ذخیرے پر حد بندی اور خطے میں پراکسی گروہوں کی حمایت میں کمی چاہتا ہے۔
یہ وہ تمام نکات جنھیں ایران متعدد بار پہلے ہی ناقابلِ قبول قرار دے چکا ہے اور جس کا اعادہ وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ترکیہ کے دورے پر بھی کیا۔
انھوں نے صحافیوں سے گفتگو میں واضح کیا کہ ایران کی دفاعی اور میزائل صلاحیتیں کبھی بھی مذاکرات کا حصہ نہیں بنیں گی۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر بات چیت کے لیے تیار ہے مگر قومی دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگا۔
انھوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ایران نہ صرف اپنی دفاعی صلاحیتوں کو اپنی ضرورت کے مطابق برقرار رکھے گا بلکہ اس میں مزید اضافہ بھی کرے گا۔