سعودی وزارت خارجہ کی بلوچستان میں دہشتگردانہ حملوں کی شدید مذمت

حملوں میں کم از کم 18 شہری (بشمول خواتین و بچوں) اور 15 سیکورٹی اہلکار شہید ہوئے

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے گذشتہ روز بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، گوادر، خاران، کلات، پانجگُر اور مستونگ سمیت متعدد علاقوں میں دہشت گردانہ حملے ہوئے جن میں سیکورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ان حملوں میں کم از کم 18 شہری (بشمول خواتین و بچوں) اور 15 سیکورٹی اہلکار شہید ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی میں درجنوں دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے بلوچستان میں دہشت گردانہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر قسم کی دہشت گردی اور انتہاپسندی کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ دہشت گردانہ حملوں پر گہری تشویش و افسوس کا اظہار کیا گیا۔

سعودی عرب نے پاکستانی سیکورٹی فورسز کے اقدامات اور حکمت عملی کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سعودی حکومت نے حملوں میں متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور زخمیوں کے لیے دعائے صحت بھی کی۔

سعودی عرب کے علاوہ دیگر ممالک اور بین الاقوامی مشنز نے بھی حملوں کی مذمت کی ہے۔ قطر، برطانیہ، ترکیی اور متعدد دیگر ممالک نے پاکستان کے ساتھ یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔

Load Next Story