اداکارہ تبو نے والد کا سرنیم استعمال نہ کرنے کی وجہ بتادی
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تبو نے اپنی ذاتی زندگی سے جڑا ایک اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے کبھی اپنے والد کا سرنیم استعمال کیوں نہیں کیا۔
ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے تبو نے کہا کہ ان کے والدین کی علیحدگی اس وقت ہو گئی تھی جب وہ صرف تین سال کی تھیں جس کے بعد ان کی پرورش والدہ اور نانا نانی نے حیدرآباد میں کی۔ اداکارہ کے مطابق انہیں اپنے والد کے ساتھ گزارا ہوا وقت یاد ہی نہیں، اسی لیے ان کے لیے والد کا نام یا سرنیم کبھی اہمیت نہیں رکھتا۔
تبو کا کہنا تھا کہ اسکول کے زمانے میں بھی ان کا نام صرف تبو یا فاطمہ کے طور پر درج تھا اور انہوں نے کبھی یہ محسوس نہیں کیا کہ والد کا سرنیم استعمال کرنا ضروری ہے۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے پر کسی قسم کی تلخی یا شکوہ نہیں رکھتیں بلکہ یہ ان کی زندگی کا ایک فطری فیصلہ تھا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ مضبوط خواتین کے ماحول میں پرورش پانے کی وجہ سے وہ خودمختار سوچ رکھتی ہیں اور ہمیشہ اپنے فیصلے خود کرنے کی عادی رہی ہیں۔
واضح رہے کہ تبو کا شمار بالی ووڈ کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں ہوتا ہے اور ان کی فنی صلاحیتوں کے ساتھ ساتھ ان کی ذاتی زندگی بھی مداحوں کے لیے دلچسپی کا باعث رہتی ہے۔