سعودی وزارت حج و عمرہ نے 1800 غیر ملکی ٹریول ایجنسیز کو معطل کر دیا
سعودی عرب کی وزارتِ حج و عمرہ نے ناقص کارکردگی اور خدمات کے معیار پر پورا نہ اترنے پر 1,800 غیر ملکی عمرہ ٹریول ایجنسیوں کے معاہدے معطل کر دیے ہیں۔
خلیج میڈیا کے مطابق یہ ایجنسیاں عمرہ شعبے میں کام کرنے والی تقریباً 5,800 ایجنسیوں کا نمایاں حصہ ہیں۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ باقاعدہ جائزہ (پیریاڈک ایویلیوایشن) کے بعد کیا گیا جس میں متعدد ایجنسیوں کی کارکردگی میں سنگین خامیاں سامنے آئیں۔
وزارت حج و عمرہ کے ترجمان غسان النعیمی کے مطابق متاثرہ ایجنسیوں کو 10 دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ نشاندہی کی گئی خامیوں کو دور کر سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ معطلی کا اطلاق فی الحال صرف نئے عمرہ ویزوں کے اجرا پر ہوگا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جو ایجنسیاں مقررہ مدت میں وزارت کے طے شدہ معیار پر پورا اتریں گی، ان کے معاہدے دوبارہ بحال کر دیے جائیں گے۔
وزارت نے عوام کو یقین دہانی کرائی ہے کہ جن زائرین کے ویزے جاری ہو چکے ہیں یا جن کی بکنگ پہلے سے موجود ہے وہ اس فیصلے سے متاثر نہیں ہوں گے اور ان کی سہولیات بلا تعطل جاری رہیں گی۔
غسان النعیمی کے مطابق وزارت آئندہ بھی نگرانی اور جانچ کے نظام کو مؤثر طریقے سے استعمال کرتی رہے گی تاکہ زائرین کے حقوق کا تحفظ اور عمرہ شعبے کی ساکھ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ مہلت میں خامیاں دور نہ کرنے والی ایجنسیوں کے خلاف مزید سخت کارروائی کی جائے گی۔