پاکستان میں ویکسین کی مقامی سطح پر تیاری کی جانب بڑی پیش رفت
ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ پاکستان صحت کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔
تفصیلات کے مطابق ویکسین سازی میں پاکستان کے خود کفالت کے قومی وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے سعودی عرب کا گیارہ رکنی اعلیٰ سطحی وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے۔
ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ وزیر صحت مصطفی کمال کی گزشتہ سات ماہ کی کاوشوں کا یہ نتیجہ ہے۔ وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی سعودی عرب کے ہم۔منصب سے اب تک تین میٹنگز ہو چکی ہیں۔ جن میں ویکسین کی مقامی تیاری سرمایہ کاری اور تکنیکی تعاون جیسے کلیدی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ویکسین کی مقامی تیاری کے حوالے سے وزیر صحت مصطفی کمال کی سعودی عرب کے وزیرِ انڈسٹری کے ساتھ میٹنگ ہو چکی ہے۔ جن میں ویکسین مینوفیکچرنگ، فارماسیوٹیکل انڈسٹری اور صنعتی اشتراک پر پیش رفت ہوئی۔
مصطفی کمال نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں طرف سے فوکل پرسنز مقرر ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر عبید چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈریپ فوکل پرسنز مقرر ہوئے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی جانب سے منسٹر آف انڈسٹریز کے سینئر ایڈوائزر نزار الحریری Nizar Y. Al-Hariri مقرر ہوئے۔ اسی تسلسل میں پاکستان ڈریپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی سعودی وزارتِ صنعت کے ایڈوائزر کے ساتھ چھ تفصیلی ملاقاتیں ہوئیں۔
مصطفی کمال نے کہا کہ مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری کیلئے پر عزم ہیں۔ مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری ملکی ضروریات کو پورا کرے گی۔