لڑکیوں کا چست لباس، نادیہ خان کا بہروز سبزواری کے بیان پر طنز

چست کپڑے بہروز سبزواری کو پسند نہیں، اسی لیے خیال رکھنا پڑتا ہے، نادیہ خان

پاکستان کی معروف میزبان اور اداکارہ نادیہ خان نے سینئر فنکار بہروز سبزواری کے خواتین کے لباس سے متعلق ماضی میں دیے گئے بیان پر طنزیہ انداز میں بات کرتے ہوئے توجہ حاصل کرلی ہے۔

حال ہی میں ایک نجی ٹی وی شو کے دوران گفتگو میں نادیہ خان نے اس موضوع کو چھیڑا، جس پر اسٹوڈیو میں موجود دیگر شرکا بھی مسکراتے نظر آئے۔

شو کے دوران اداکارہ عتیقہ اوڈھو ایک ڈرامے میں صبا قمر کے کردار اور ان کے لباس کی تعریف کر رہی تھیں۔ اسی سلسلے میں انہوں نے نادیہ خان کے لباس کو بھی سراہا اور یہ رائے دی کہ ملبوسات قدرے زیادہ فِٹ ہونے چاہئیں۔

اس موقع پر نادیہ نے فوراً جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسے چُست کپڑے بہروز سبزواری کو پسند نہیں، اسی لیے انہیں خیال رکھنا پڑتا ہے۔ انہوں نے ہنستے ہوئے مزید کہا کہ وہ سختی سے منع کرتے ہیں کہ لباس تنگ نہ ہو، اس لیے انہوں نے احتیاط کی تاکہ کسی کو ناراضی نہ ہو۔

نادیہ خان کا یہ جملہ دراصل بہروز سبزواری کے اس سابقہ انٹرویو کی طرف اشارہ تھا جس میں انہوں نے خواتین کے تنگ لباس پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا تھا۔ اس گفتگو میں بہروز سبزواری کا کہنا تھا کہ اس طرح کا لباس انہیں اچھا نہیں لگتا اور بعض اوقات موٹر سائیکل پر بیٹھنے والی خواتین کے ملبوسات بھی ان کے نزدیک مناسب نہیں ہوتے، جسے وہ گھریلو تربیت سے جوڑتے رہے۔

ٹی وی شو میں نادیہ خان کے اس طنزیہ تبصرے نے سوشل میڈیا پر بھی بحث کو جنم دیا ہے، جہاں صارفین اس گفتگو کو مختلف زاویوں سے دیکھ رہے ہیں اور دونوں فنکاروں کے بیانات پر اپنی آرا کا اظہار کر رہے ہیں۔
 

Load Next Story