پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ کا بائیکاٹ، شاہد آفریدی نے فیصلے کو افسوس ناک قرار دے دیا

یہ افسوسناک ہے، تاہم اس معاملے پر اپنی حکومت کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کا بھارت کے خلاف شیڈول 15 فروری کے میچ کے بائیکاٹ پر ردعمل سامنے آگیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ایکس پر اپنے بیان میں پاکستان کا بھارت کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ نہ کھیلنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ اس بات پر یقین رکھتے آئے ہیں کہ کرکٹ وہ دروازے کھول سکتی ہے جو سیاست بند کر دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ پاکستان ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف نہیں کھیلے گا، تاہم اس معاملے پر اپنی حکومت کے فیصلے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض اوقات قومی مفادات کے پیش نظر مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر بھی زور دیا کہ وہ اس نازک صورتحال میں قیادت کا کردار ادا کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے لیے یہ لمحۂ امتحان ہے کہ وہ محض بیانات کے بجائے عملی فیصلوں کے ذریعے ثابت کرے کہ وہ تمام رکن ممالک کے لیے غیر جانبدار، خودمختار اور منصفانہ ادارہ ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ عالمی کرکٹ کو سیاست سے بالاتر رکھنا آئی سی سی کی ذمہ داری ہے تاکہ کھیل کا فروغ اور شفافیت برقرار رہ سکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بنگلا دیش نے آئی سی سی سے درخواست کی تھی کہ سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بھارت میں شیڈول تمام میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں تاہم آئی سی سی نے میچز منتقل کرنے کی بجائے اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا۔

اس فیصلے کے بعد گزشتہ روز پاکستان نے بنگلا دیش سے اظہار یکجہتی کی خاطر ورلڈ کپ میں شرکت کا فیصلہ تو کیا لیکن بھارت کے خلاف شیڈول 15 فروری کے میچ کا بائیکاٹ کر دیا۔

متعلقہ

Load Next Story