قصور، ایک اور بچہ غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا، کھلے مین ہول میں گر کر 3 سالہ علی جاں بحق

جاں بحق ہونے والے ننھے علی محرم کی آج سالگرہ تھی، والد

فوٹو: فائل

قصور:

مصطفیٰ آباد میں ایک افسوسناک واقعے میں تین سالہ معصوم بچہ نجی میرج ہال کے کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق بچے کی لاش گٹر سے نکال لی گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا اور ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور صورتِ حال کا جائزہ لیا۔

پولیس کے مطابق ڈی پی او کی ہدایت پر واقعے کا مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 322 کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

متوفی بچے کے والد کے مطابق جاں بحق ہونے والے ننھے علی محرم کی آج سالگرہ تھی، جس پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے۔

ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ واقعے میں ملوث ذمہ داران کو جلد گرفتار کر کے قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔

Load Next Story