نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے راؤ عبدالکریم آئی جی پنجاب تعینات
انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کو ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی ) ایف آئی اے تعینات کردیا گیا جب کہ راؤ عبدالکریم کو پنجاب پولیس کا نیا سربراہ بنا دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے راؤ عبدالکریم کی انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کے عہدے پر تعیناتی کا نوٹیفیکشن جاری کردیا، راؤ عبدالکریم کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 24 ویں کامن سے ہے۔
راؤ عبدالکریم کا شمار انتہائی پروفیشنل، منجھے ہوئے اور تجربہ کار بہترین افسران میں ہوتا ہے، راؤ عبدالکریم ان دنوں ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ پنجاب کے عہدے پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
راؤ عبدالکریم بطور ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی، کمانڈنٹ پی سی، ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب، آر پی او گوجرانوالا، ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن کے عہدے پر فائز رہ چکے ہیں، راؤ عبدالکریم کا تعلق نواب شاہ سے ہے۔
راؤ عبدالکریم نے 1996 میں بطور اے ایس پی پولیس سروس پاکستان جوائن کی، راؤ عبدالکریم نے اے ایس پی یو ٹی سکھر، ایس ڈی پی او سکھر سٹی، لطیف آباد حیدر آباد، چنیوٹ کے عہدوں پر فرائض سر انجام دیے۔
راؤ عبدالکریم نے بطور ایس پی گوجرانوالا، لاہور اور شیخوپورہ خدمات انجام دیں، راؤ عبدالکریم بطور ڈی پی او میانوالی، قصور اور جھنگ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
نئے تعینات ہونے والے انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم نے پنجاب پولیس کی کمان سنبھال لی
پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب راو عبدالکریم کو سلامی پیش کی، آئی جی پنجاب کی پولیس شہدا کی یادگار پر حاضری، ارواح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی، آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے باضابطہ طور پر اپنے عہدے کا چارج بھی سنبھال لیا۔
آئی جی پنجاب نے ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز سمیت دیگر سینئر افسران سے ملاقات کی، ملاقات کے بعد آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اور انکی بے لوث خدمت میری اولین ترجیح ہے۔
آئی جی پنجاب راؤ عبدالکریم نے کہا کہ شہریوں میں احساسِ تحفظ کی فضا کو اجاگر کرتے ہوئے پبلک آرڈر کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، دہشتگردی، ملک دشمن عناصر کیخلاف اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، آئین کی حکمرانی اور قانون کی مکمل پاسداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
حکومت کی جانب سے عثمان انور کو ڈی جی ایف آئی اے تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ ڈاکٹر عثمان انور نے بطور آئی جی پنجاب پولیس میں اصلاحات،عوامی خدمت کی مثال قائم کی، عثمان انور آئندہ چند ماہ میں ایف آئی اے میں بہترین کام کریں گے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کو بطور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے تعیناتی پر مبارکباد دی اور کہا کہ ڈاکٹر عثمان انور نے پنجاب پولیس میں بطور آئی جی مؤثر قیادت کا مظاہرہ کیا اور ادارہ جاتی اصلاحات کو عملی شکل دی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عثمان انور کے دور میں پنجاب پولیس میں پروفیشنلزم، نظم و ضبط اور عوامی خدمت کے معیارات بہتر ہوئے، ڈاکٹر عثمان انور کی صلاحیتیں اور وژن ایف آئی اے جیسے اہم قومی ادارے کے لیے انتہائی موزوں ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر عثمان انور کی قیادت میں ایف آئی اے میں بھی مثبت اور نمایاں تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔
Dr Usman’s transformational leadership reshaped Punjab Police, setting new benchmarks in professionalism, reform, and public service.
As he takes charge as DG FIA, a new era begins. With his vision and dynamism, the public will witness real, visible change in the coming months.… pic.twitter.com/Sucn7aH4xN