چین میں بدعنوانی کے خلاف بڑی کارروائی، سابق وزیرِ انصاف کو عمر قید

عدالت نے انہیں تاحیات سیاسی حقوق سے بھی محروم کر دیا ہے

بیجنگ میں ایک عدالت نے چین کے سابق وزیرِ انصاف تانگ یی جون کو رشوت لینے اور بدعنوانی کے الزامات ثابت ہونے پر عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ تانگ یی جون کی بدعنوان سرگرمیوں کے باعث ریاست اور عوامی مفادات کو شدید نقصان پہنچا۔ عدالت نے انہیں تاحیات سیاسی حقوق سے بھی محروم کر دیا ہے۔

فیصلے کے تحت تانگ یی جون کی تمام جائیداد ضبط کر لی گئی ہے۔ چینی حکام کے مطابق مقدمے میں رشوت لینے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے شواہد پیش کیے گئے تھے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق یہ سزا ایسے وقت سنائی گئی ہے جب چینی صدر شی جن پنگ ملک بھر میں بدعنوانی کے خلاف سخت مہم کو مزید تیز کر رہے ہیں۔ اس مہم کے تحت حالیہ ہفتوں میں کئی اعلیٰ سطح کے سرکاری اور عسکری حکام کے خلاف کارروائیاں کی گئی ہیں۔

گزشتہ ماہ چین نے یہ بھی تصدیق کی تھی کہ ایک اعلیٰ فوجی جنرل ژانگ یو شیا کے خلاف تحقیقات جاری ہیں، جسے اب تک سینئر عسکری قیادت کے خلاف سب سے نمایاں کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔

Load Next Story