قازقستان کے صدر دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

راولپنڈی کی نور خان ایئر بیس پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا

اسلام آباد:

قازقستان کے صدر قاسم جومارت توکایووف دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے، نورخان ایئر بیس پر صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نور خان ائیر بیس پر استقبالیہ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے قازقستان کے صدر کے طیارے سے باہر آنے پر صدرِ مملکت اور وزیراعظم نے ان سے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔

روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے معزز مہمان کو پھول پیش کیے جبکہ دونوں ممالک کے پرچم تھامے بچوں نے صدر توکایووف کا خیرمقدم کیا۔ قازقستان کے صدر نے ہاتھ ہلا کر بچوں کے استقبال کا جواب دیا۔

اس موقع پر صدر قاسم جومارت توکایووف کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی استقبالی تقریب کے دوران صدرِ مملکت، وزیراعظم اور قازقستان کے صدر کے درمیان خوشگوار جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

دورے کے دوران قازقستان کے صدر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقاتیں کریں گے، وہ پاکستان قازقستان بزنس فورم سے بھی خطاب کریں گے جس میں دونوں ممالک کے کاروباری رہنما شریک ہوں گے۔

یہ دورہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا جامع جائزہ لینے، تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور بالخصوص تجارت، لاجسٹکس، علاقائی رابطہ کاری، عوامی روابط کے فروغ اور علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر تعاون کے امکانات پر غور کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔

قازقستان کے صدر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور تاریخی و ثقافتی قربتوں کو مؤثر عملی تعاون میں تبدیل کرنے کے باہمی عزم کو اجاگر کرتا ہے۔

قازقستان کے صدر کل وزیر اعظم سے ملاقات کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اہم معاہدے بھی ہوں گے۔

Load Next Story