کراچی، حلوہ پوری کی کڑاھی میں کار کی زور دار انٹری، گرم تیل سے 4 ملازمین جھلس گئے

پولیس نے حادثے کے ذمہ دار نوجوان اورنگزیب سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے

کراچی:

شہر قائد کے علاقے خدا داد کالونی میں ایک حیران کن حادثہ پیش آیا جہاں بے قابو کار ریسٹورنٹ کے باہر حلوہ پوری کی تیاری کے لیے رکھی گئی کڑاہی میں جا گھسی۔ 

حادثے کے نتیجے میں گرم تیل گرنے سے چار ملازمین جھلس کر زخمی ہو گئے، جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب کار کا مالک گاڑی پارک کر کے قریب ہی کہیں گیا ہوا تھا۔

اسی دوران گاڑی میں موجود اورنگزیب نامی نوجوان نے گاڑی اسٹارٹ کر دی، جس کے باعث کار بے قابو ہو کر سیدھی ریسٹورنٹ کے باہر پوریاں تلنے کے لیے رکھی گئی کڑاہی میں جا گھسی۔

حادثے کے نتیجے میں کڑاہی سے گرم تیل چھلک کر قریب موجود ملازمین پر جا گرا، جس سے وہ شدید جھلس گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ہیڈ محرر جمیل کے مطابق پولیس نے حادثے کے ذمہ دار نوجوان اورنگزیب سمیت دو افراد کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ گاڑی کو بھی تحویل میں لے کر واقعے کی مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

متعلقہ

Load Next Story