نیب: آئی ایس ایم مارٹ گروپ اسکینڈل کے متاثرین کو رقوم کی واپسی شروع

نیب ہیڈکوارٹرز میں منعقدہ تقریب میں 600 ملین روپے 3400 متاثرین میں تقسیم

اسلام آباد:

قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان کی تاریخ کے بڑے مالیاتی فراڈ "آئی ایس ایم مارٹ گروپ اسکینڈل" کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے ریاست پر عوامی اعتماد کی بحالی کی جانب ایک اور اہم کامیابی حاصل کرلی۔

نیب اسلام آباد / راولپنڈی کی پیشہ ورانہ مہارت اور انتھک محنت کے نتیجے میں اب تک ایک ارب روپے کی ریکوری مکمل کی جا چکی ہے جس کے پہلے مرحلے میں آج 600 ملین روپے 3400 متاثرین میں تقسیم کردیے گئے۔

نیب ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران متاثرین میں چیک تقسیم کیے گئے، تقریب کی صدارت چیئرمین نیب لیفٹینٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے کی جبکہ تقریب میں ڈپٹی چیئرمین سہیل ناصر، پراسیکیوٹر جنرل احتشام قادر شاہ، ڈی جی نیب وقار احمد چوہان، نیب کے سینیئر افسران اور بڑی تعداد میں متاثرین نے شرکت کی۔

اس کیس کے مرکزی ملزم نے ای کامرس، ریسٹورنٹس اور ریئل اسٹیٹ جیسے جعلی کاروباروں کی آڑ میں عوام کو غیر حقیقی منافع کا جھانسہ دے کر اربوں روپے ہتھیائے۔

نیب ذرائع کے مطابق تقریباً 3,400 متاثرین نے نیب سے رجوع کیا جن سے مجموعی طور پر 3.5 ارب روپے لوٹے گئے تھے۔ کیس کا مرکزی ملزم جولائی 2024 سے نیب کی تحویل میں ہے اور قانونی تقاضوں کے مطابق تفتیش کا عمل تیزی سے جاری ہے۔

نیب کی تحقیقاتی ٹیم نے اس کیس میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ان رقوم کا سراغ لگالیا ہے جو ہنڈی، حوالہ اور کرپٹو کرنسی کے ذریعے متحدہ عرب امارات (UAE) منتقل کی گئی تھیں۔ بیرون ملک سے رقوم کی مکمل واپسی کے لیے یو اے ای حکام کے ساتھ تعاون کا عمل بھی جاری ہے۔

اس موقع پر چیئرمین نیب نے نیب اسلام آباد / راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ "نیب پر عوام کا اعتماد ہی ہماری اصل طاقت ہے"۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مستقبل میں ایسے فراڈ سے بچنے کے لیے جلد ہی ملک گیر عوامی آگاہی مہم شروع کی جائے گی۔

ڈی جی نیب اسلام آباد / راولپنڈی نے اس موقع پر اس کامیابی کو سال 2026 کا "دوسرا تحفہ" قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنوری میں بینکر سٹی اور اب آئی ایس ایم مارٹ کے متاثرین کو ریلیف فراہم کرنا انصاف کی فراہمی کی علامت ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مراحل میں متاثرین کو رقوم کی ادائیگی آن لائن بینک ٹرانسفر کے ذریعے کی جائے گی تاکہ انہیں دفاتر کے چکر کاٹنے سے بچایا جا سکے۔ اس تقریب میں چیئرمین نیب نے تفیتیشی ٹیم میں شیلڈز تقسیم کیں اور ٹیم کے لئے عمرہ پیکیج کا بھی اعلان کیا۔

Load Next Story