بسنت کے موقع پر لاہور سفاری زو کو رنگ برنگی پتنگوں سے سجا دیا گیا
پنجاب وائلڈ لائف بھی بسنت منانے کے لئے سرگرم، لاہور سفاری زو کو رنگ برنگی پتنگوں سے سجا دیا گیا۔
لاہور سفاری زو میں تین روزہ فیسٹیول میں شرکت کے لئے انٹری ٹکٹ دو ہزار روپے رکھا گیا ہے۔ تین دنوں کے لئے الگ الگ رنگ کے ٹکٹ پرنٹ کروائے گئے ہیں۔ تین روزہ بسنت فیسٹیول کے دوران 30 فٹ لمبی پتنگیں فضا میں اڑان بھریں گی۔ پتلی تماشہ، میوزک اور میجک شو سمیت کئی تفریحی سرگرمیاں ہوں گی، بسنت فیسٹول کی ذمہ داری نجی کمپنی کو سونپی گئی ہے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹرپنجاب وائلڈ لائف سینٹرل پنجاب مدثر حسن نے بتایا بسنت فیسٹول کے تین دنوں میں تقریبات دن 12 بجے شروع ہوں گی جو رات دو بجے تک جاری رہیں گی۔ پتلی تماشہ، میوزک شو، وائلڈ آن بیٹ اور میجک شو کے روزانہ دو شو ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی تفریح کیلئے روایتی کھانوں کے اسٹال بھی سجائے جائیں گے۔
مدثر حسن کے مطابق بسنت فیسٹیول کے دوران شہری ڈور اورپتنگیں موقع پر بھی خرید سکیں گے جبکہ حکومت سے منظور شدہ ڈور اور پتنگیں ساتھ لانے کی بھی اجازت ہوگی۔ سفاری پارک کے کھلے گراؤنڈز اور پارکنگ ایریا پتنگ بازی کے لئے مختص ہوں گے جبکہ جنرل ایریا میں مختلف تقریبات ہوں گی۔ تین دنوں میں لائن اورٹائیگر سفاری بند رہے گی جبکہ جانوروں اور پرندوں کے انکلوژرز میں بھی انٹری بند رہے گی۔
رفیع پیرتھیٹر ورکشاپ کے سی سی او صدان پیرزادہ نے بتایا کہ انہوں نے چائنہ سے اسپیشل پتنگیں منگوائی ہیں۔ 30 فٹ لمبی پتنگیں فضا میں اڑان بھریں گی اس کے علاوہ روزانہ دو ہزار لیمپ فضا میں اڑائے جائیں گے۔ 25 سال بعد بسنت کی رونقیں بحال ہورہی ہیں، سفاری پارک میں بسنت فیسٹیول کے دوران ملک کے نامورگلوکار پرفارم کریں گے۔
سفاری پارک میں تفریح کیلئے آنے والوں کا کہنا ہے شہر کے بے ہنگم ماحول کے بجائے سفاری پارک کے کھلے ماحول میں بسنت منانا زیادہ اچھا رہے گا۔ ایک خاتون ماہم نے کہا کہ اندرون شہر پرانے طریقے سے بسنت منائی جائیگی جبکہ سفاری پارک میں جین زی نئے طریقوں سے بسنت منائیگی۔
انتظامیہ کے مطابق بسنت فیسٹیول کے دوران سیکیورٹی کے بھی سخت انتطامات کئے گئے ہیں اس بات کو بھی یقینی بنایا جائیگا کہ کوئی پتنگ یا ڈور اگرجانوروں یا پرندوں کے انکلوژرمیں گرتی ہے تواسے فوری طور پرنکالا جاسکے۔