انجن خراب ہونے کے باعث دھابیجی اسٹیشن پر کھڑی ٹرین میں بچی کی پیدائش
رحمان بابا ایکسپریس میں سفر کے دوران ایک خاتون نے بچی کو جنم دیا، ماں اور نومولود کی حالت تسلی بخش بتائی جا رہی ہے۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹرین انجن خراب ہونے کے باعث دھابیجی اسٹیشن پر کھڑی تھی۔
ریلوے حکام کے مطابق بوگی نمبر 08 میں اچانک ڈیلیوری کا معاملہ پیش آیا، جس پر ریلوے پولیس کے ہیڈ کانسٹیبل شعیب رضا نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فوری طور پر ڈاکٹرز کو طلب کیا۔ خوش قسمتی سے ٹرین میں موجود ڈاکٹرز نے ماں اور بچی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچاؤ ممکن ہوا۔
ڈیلیوری کے بعد خاتون مزید سفر کے قابل نہ رہی، جس پر ریلوے پولیس کی درخواست پر ریسکیو 1122 کی ایمبولینس موقع پر پہنچ گئی۔ اہلِ خانہ کی رضامندی سے خاتون اور نومولود کو مزید طبی نگہداشت کے لیے کورنگی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے دوران ریلوے پولیس نے مکمل تعاون فراہم کیا، جس پر خاتون مسافروں اور اہلِ خانہ نے ریلوے پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ حکام کے مطابق ماں اور بچی دونوں خیریت سے ہیں اور اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔