راولپنڈی، قاتل ڈور کے وار سے پانچ سالہ بچہ زخمی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے نوٹس لے لیا

بچے کو بچانے کی کوشش میں والدہ اور بڑے بھائی کے ہاتھ بھی زخمی ہو گئے

راولپنڈی:

راولپنڈی کے علاقے چکلالہ سکیم تھری میں قاتل ڈور کے خطرناک وار سے پانچ سالہ بچہ شدید زخمی ہو گیا، جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چکلالہ سکیم تھری کے رہائشی پانچ سالہ ابو بکر عامر اپنے ماموں، والدہ اور دو بھائیوں کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سفر کر رہا تھا کہ پل سے گزرتے ہوئے اچانک قاتل ڈور موٹر سائیکل پر آگے بیٹھے بچے کی گردن سے لپٹ گئی۔

بچے کو بچانے کی کوشش میں والدہ اور بڑے بھائی کے ہاتھ بھی زخمی ہو گئے۔

شدید زخمی ہونے پر ابو بکر کو فوری طور پر ہائیکورٹ روڈ کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد پولیس کیس کی وجہ سے بچے کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راولپنڈی ریفر کر دیا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق بچے کی گردن پر گہرا زخم آیا تاہم خوش قسمتی سے شہ رگ بال بال بچ گئی۔ طبی امداد کے بعد بچے کو گھر بھیج دیا گیا، جہاں اس کی نگہداشت جاری ہے۔

بچے کے ماموں محمد طاہر نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھانجے کو زخمی حالت میں دیکھنا ناقابلِ برداشت تھا اور لوگوں کو اس جان لیوا کھیل سے باز آنا چاہیے۔

واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کمشنر اور آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

آر پی او و سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی کی ہدایات پر ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب سمیت پولیس حکام موقع پر پہنچے اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

ڈی ایس پی سول لائن سہیل ظفر نے بچے کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی اور خیریت دریافت کی۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے جبکہ قاتل ڈور کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Load Next Story