ڈیفنس کی مصروف شاہراہ کے بل بورڈز پر نازیبا ویڈیو چل گئی، شہریوں میں غصہ

متنازع مواد دیکھ کر شہریوں نے ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جو فوراً وائرل ہوگئیں

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس کی مصروف شاہراہ پر ایڈورٹائزمنٹ کےلیے لگائی گئی ایس ایم ڈی اسکرینز پر نازیبا ویڈیو نشر کردی گئی، جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ڈی ایچ اے میں واقع خیابانِ اتحاد روڈ پر نصب ڈیجیٹل ایڈورٹائزمنٹ اسکرینز کو نامعلوم افراد نے ہیک کرکے کچھ دیر کےلیے غیر اخلاقی مواد نشر کردیا، جس کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔

یہ واقعہ عبدالستار ایونیو پر پیش آیا جہاں بڑی اسکرینز پر چلنے والا متنازع مواد دیکھ کر شہریوں نے ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔

اطلاع ملتے ہی متعلقہ ادارے متحرک ہوئے اور فوری طور پر متاثرہ اسکرینز کو بند کردیا گیا تاکہ مزید کسی قسم کا مواد نشر نہ ہوسکے۔

حکام کے مطابق احتیاطی اقدام کے طور پر ڈی ایچ اے کی دیگر اہم شاہراہوں کے ساتھ ساتھ شاہراہِ فیصل اور کارساز روڈ پر نصب متعدد ڈیجیٹل اسکرینز کو بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے، جبکہ سسٹمز کا سیکیورٹی آڈٹ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

واقعے کی تحقیقات کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور سائبر کرائم یونٹ نے مشترکہ طور پر کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسکرینز کو ہیک کرنے میں ملوث افراد کی شناخت کےلیے تکنیکی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ڈیٹا لاگز سمیت دیگر ڈیجیٹل ریکارڈز کا جائزہ لیا جارہا ہے تاکہ ذمے دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

Load Next Story