دنیا کا سب سے بڑا قرآن مجید گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل

یہ ضخیم قرآن مجید سات سو صفحات پر مشتمل ہے اور اس کا حجم تین سو بارہ ضرب دو سو بیس سینٹی میٹر ہے

ریاض میں مکہ مکرمہ کے معروف حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں قائم قرآن میوزیم میں محفوظ دنیا میں اپنی نوعیت کے سب سے بڑے قرآن کریم کے نسخے کو باضابطہ طور پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

اس اعزاز کے بعد یہ عظیم الشان نسخہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور اسے اسلامی ورثے کی ایک غیر معمولی مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ ضخیم قرآن مجید سات سو صفحات پر مشتمل ہے اور اس کا حجم تین سو بارہ ضرب دو سو بیس سینٹی میٹر ہے۔ اسے دسویں صدی ہجری کے ایک بڑے تاریخی نسخے کی طرز پر تیار کیا گیا ہے، جس کا اصل سائز پینتالیس ضرب تیس سینٹی میٹر تھا۔ تیاری کے دوران قدیم طرزِ کتابت کو جدید مہارت کے ساتھ یکجا کیا گیا تاکہ تاریخی روایت بھی برقرار رہے اور فنکارانہ معیار بھی۔

رپورٹس کے مطابق اس نسخے میں سورتوں کو خطِ ثلث میں جبکہ سورۃ الفاتحہ کو خطِ نسخ میں تحریر کیا گیا ہے۔ عربی خطاطی، گلڈنگ اور نفیس بائنڈنگ کے امتزاج نے اسے ایک شاہکار بنا دیا ہے، جس میں اسلامی فنِ تعمیر اور تزئین و آرائش کی جھلک بھی نمایاں ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ جس قدیم نسخے کو بنیاد بنا کر یہ عظیم الشان قرآن تیار کیا گیا، اسے سنہ 1300 ہجری، یعنی 1883 عیسوی میں وقف کیا گیا تھا، اور وہ اب تک شاہ عبدالعزیز کمپلیکس کی اوقاف لائبریری میں محفوظ ہے۔ واضح رہے کہ حرا کلچرل ڈسٹرکٹ میں قائم قرآن میوزیم میں مختلف ادوار کے نادر اور تاریخی قرآنی نسخے بھی رکھے گئے ہیں جو سیاحوں اور محققین کے لیے خصوصی کشش رکھتے ہیں۔

Load Next Story