بلوچستان میں ٹرین سروس ایک بار پھر معطل
بلوچستان میں سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ٹرین سروس ایک بار پھر معطل کر دی گئی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے پشاور کے لیے جعفر ایکسپریس اور کراچی جانے والی بولان میل کی سروس معطل کی گئی ہے۔
اسی طرح، چمن جانے والی پسنجر ٹرین بھی نہیں چلے گی۔
ٹرین سروس امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر معطل کی گئی ہے، ٹرینوں کی بندش سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ 5 دن کی معطلی کے بعد گزشتہ روز ٹرین سروس بحال ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق 31 جنوری کو صوبے بھر میں متعدد مقامات پر دہشت گردانہ حملوں کے باعث ریلوے ٹریکس کو نقصان پہنچا اور سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر پاکستان ریلویز نے کوئٹہ سے اندرونِ صوبہ اور دیگر صوبوں کی جانب چلنے والی تمام ٹرین سروسز عارضی طور پر معطل کر دی تھیں۔
اس دوران جعفر ایکسپریس (کوئٹہ-پشاور)، بولان میل (کوئٹہ-کراچی)، چمن پسنجر اور دیگر ٹرینیں متاثر ہوئیں، جبکہ پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس کو جیکب آباد میں روک دیا گیا تھا۔
متاثرہ مسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس کرنے کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ صورتحال میں بہتری آنے کے بعد ریلوے انتظامیہ نے ٹرین سروسز کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔