وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت بہار کو زندہ دلانِ لاہور کیلیے خوشیوں کی واپسی قرار دے دیا
لاہور میں 25 سال بعد تین روزہ بسنت بہار کے انعقاد پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے اسے زندہ دلانِ لاہور کے لیے خوشیوں کی واپسی قرار دیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج لاہور میں صرف پتنگیں نہیں بلکہ خوشیاں اڑ رہی ہیں، شہری پریشانیاں بھلا کر نیلے آسمان پر اڑتی گڈی کی طرف توجہ مرکوز کریں اور خوشیوں کے ہر لمحے میں اپنے اردگرد کے لوگوں کو بھی شریک کریں۔
انہوں نے کہا کہ بسنت پنجاب کا ثقافتی ورثہ ہے اور ہمیں اپنی ثقافت پر فخر ہے، تاہم تہوار کے موقع پر ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔
مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ بسنت کے تینوں دن عوام کی سہولت کے لیے مفت ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے گی۔ 419 بسیں شہریوں کی مفت آمدورفت کے لیے دستیاب ہوں گی جبکہ 60 ہزار سے زائد فری رائیڈز دی جائیں گی۔ اورنج لائن میٹرو ٹرین میں 25 نشستوں پر مفت سفر کی سہولت دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ حفاظتی اقدامات پر سختی سے عمل کریں۔ مقررہ سائز اور معیار کے مطابق پتنگ اور ڈور استعمال کی جائے، ممنوعہ ڈور کے استعمال پر بھاری جرمانے اور طویل قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کے لیے دھاتی تار، تندی، بلٹ پروف مٹیریل اور چرخی کا استعمال غیرقانونی قرار دیا گیا ہے جبکہ سول ایوی ایشن کے علاقوں میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔ موٹر سائیکل اور موٹر سائیکل رکشوں پر سیفٹی راڈ کا استعمال لازمی ہوگا۔
مریم نواز شریف نے شہریوں کو ہدایت کی کہ رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور دکانداروں سے QR کوڈ لگی پتنگیں اور ڈور خریدیں۔ انہوں نے دکانداروں سے اپیل کی کہ وہ عوام بالخصوص بچوں کی خوشیوں کی راہ میں رکاوٹ نہ بنیں اور پتنگ و ڈور مہنگی فروخت نہ کریں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق بسنت کے موقع پر عوام کی حفاظت کے لیے ہر ممکن انتظام کیا گیا ہے۔ ہر تحصیل میں 15 محکموں پر مشتمل کوئیک رسپانس ٹیمیں قائم کی گئی ہیں جبکہ تھرمل ڈرونز کے ذریعے نگرانی بھی جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ کھلی چھت پر پتنگ بازی کے دوران خصوصی احتیاط کی جائے، اگر منڈیر موجود نہ ہو تو چھت کے اطراف کم از کم نائیلون کی ڈور لگائی جائے، بصورت دیگر پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
آخر میں مریم نواز شریف نے کہا کہ پولیس، ٹریفک وارڈنز، انتظامیہ اور دیگر ادارے عوام کی مدد کے لیے موجود ہیں، شہری بھرپور تعاون کریں تاکہ بسنت کا تہوار خوشگوار اور محفوظ ماحول میں منایا جا سکے۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ لاہور نے ثابت کردیا وہ زندہ دلوں کا شہر ہے، مریم نواز کے ایک ثقافتی فیصلے نے عوام کے دل جیت لیے ہیں، مریم نواز نے عوام کو بسنت کی شکل میں انکی خوشیاں واپس لٹائی ہیں۔
عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ آج لاہور میں پورے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک سے اوورسیز اور غیرملکی شہری بسنت منانے آئے ہیں، عوام محفوظ بسنت منائیں اور دوسروں کو بھی محفوظ رکھیں۔