پنکج ترپاٹھی کی بیٹی کی شوبز میں انٹری، والد کیساتھ پہلی پرفرمانس
بالی ووڈ کے نامور اداکار پنکج ترپاٹھی نے 12 سال بعد تھیٹر میں واپسی کرتے ہوئے اپنی بیٹی کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا اور اسے زندگی کا یادگار لمحہ قرار دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنکج ترپاٹھی 12 سال بعد مختصر کردار کے ساتھ میوزیکل کامیڈی ڈرامہ ’لیلائج‘ کے ذریعے تھیٹر میں واپسی کر رہے ہیں۔
یہ ڈرامہ پنکج ترپاٹھی اور ان کی اہلیہ مریدولا نے پروڈیوس کیا ہے، جس میں ان کی بیٹی آشی بھی شامل ہیں۔
’لیلائج‘ پنکج ترپاٹھی کو ان کے تھیٹر کے ابتدائی سفر کی طرف واپس لے جاتا ہے اور ان کے لیے ایک طرح سے گھر واپسی کی حیثیت رکھتا ہے۔
تھیٹر میں واپسی کے حوالے سے پنکج ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ تھیٹر وہ جگہ ہے جہاں بطور اداکار میرا اصل سفر شروع ہوا جب کہ 12 سال بعد واپس آنا ایک طرف پرانی یادوں کو تازہ کرتا ہے تو دوسری طرف زمین سے جوڑے رکھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’لیلائج‘ میرے دل کے بہت قریب ہے کیونکہ یہ خاندان، دوستی اور کہانی سنانے کی مشترکہ محبت سے جنم لینے والا منصوبہ ہے۔
بیٹی کے ساتھ اسٹیج پر پرفارم کرنے کے حوالے سے پنکج ترپاٹھی نے کہا کہ آشی کو اسٹیج پر قدم رکھتے دیکھنا میری زندگی کے سب سے جذباتی تجربات میں سے ایک ہے اور میں اس کے لیے اس سے بہتر آغاز کا تصور نہیں کر سکتا تھا۔
واضح رہے کہ ڈرامہ ’لیلائج‘ معروف تھیٹر آرٹسٹ فیض محمد خان نے تحریر اور ہدایت دی ہے، یہ ڈرامہ 8 فروری کو ممبئی کے رنگ شاردہ میں پیش کیا جائے گا۔