حکومت کا بجلی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز میں تبدیلی کا بڑا فیصلہ

حکومت کی جانب سے فکسڈ چارجز پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں اقسام کے صارفین پر لاگو کرنے کی تجویز

حکومت کاملک میں مربوط توانائی منصوبہ نافذ کرنے کا فیصلہ فوٹو؛ فائل

اسلام آباد:

وفاقی حکومت نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی اور فکسڈ چارجز میں ردو بدل کا بڑا فیصلہ کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مجوزہ تبدیلی کے تحت ماہانہ 300 اور 700 یونٹ سے زیادہ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کی تجویز دی گئی ہے جب کہ ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز شامل ہے۔

حکومت کی جانب سے فکسڈ چارجز پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں اقسام کے صارفین پر لاگو کرنے کی تجویز دی گئی ہے حالانکہ اس سے قبل صرف 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز عائد تھے۔

تجویز کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 200 روپے جب کہ ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح نان پروٹیکٹڈ صارفین میں ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں پر 275 روپے، 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں پر 300 روپے اور ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 350 روپے فکسڈ چارجز تجویز کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ ماہانہ 400 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 200 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کرنے، ماہانہ 500 یونٹ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 400 سے بڑھا کر 500 روپے کرنے اور ماہانہ 600 یونٹ استعمال پر فکسڈ چارجز 600 سے بڑھا کر 675 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

اس کے علاوہ ماہانہ 700 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے پر فکسڈ چارجز 800 روپے سے کم کر کے 675 روپے جب کہ ماہانہ 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے پر فکسڈ چارجز میں 325 روپے کمی کے بعد انہیں بھی 675 روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ٹیرف میں کمی سے متعلق تجویز کے تحت گھریلو صارفین کے لیے ماہانہ 400 یونٹ بجلی استعمال پر فی یونٹ ٹیرف میں ایک روپے 53 پیسے، ماہانہ 500 یونٹ تک بجلی استعمال پر فی یونٹ ایک روپے 25 پیسے کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

اسی طرح ماہانہ 600 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے پر فی یونٹ ایک روپے 40 پیسے جب کہ ماہانہ 700 یونٹ استعمال پر فی یونٹ 91 پیسے کمی تجویز کی گئی ہے جب کہ ماہانہ 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ 49 پیسے کمی کی تجویز سامنے آئی ہے۔

تجویز میں یہ بھی شامل ہے کہ 5 کلو واٹ اور اس سے زائد لوڈ کے کمرشل صارفین کے لیے بجلی کے ٹیرف میں فی یونٹ ایک روپے 15 پیسے کمی کی جائے جب کہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے ٹیرف میں فی یونٹ 5 روپے تک کمی کی تجویز دی گئی ہے۔

پاور ڈویژن کی جانب سے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد یہ درخواست نیپرا میں جمع کرا دی گئی ہے، جس پر نیپرا پاور ڈویژن کی درخواست پر 10 فروری کو سماعت کرے گا۔

Load Next Story