کراچی؛ کورنگی میں عوامی تشدد سے مبینہ ڈاکو ہلاک
فوٹو: فائل
کورنگی میں لوٹ مار کی وارداتوں سے عاجز عوام نے سڑک پر ہی اپنی عدالت لگا کر پکڑے گئے مبینہ ڈاکو کو تشدد کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی ڈیڑھ نمبر مٹکے والی پلیہ بینک کے قریب عوام نے لوٹ مار کرنے والے ایک مبینہ ڈاکو کو پکڑلیا اور اس دوران مشتعل افراد نے اسے تشدد کا نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔
ایس ایچ او زمان راؤ اورنگزیب نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار 3 ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کے بعد فرار ہو رہے تھے کہ ایک ڈاکوعوام کے ہتھے چڑھ گیا جبکہ اس کے دیگر دو ساتھی پیدل ہی گلیوں میں فرار ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پکڑا جانے والا ڈاکو عوامی تشدد برداشت نہ کر سکا جو کہ بعدازاں ہلاک ہوگیا، جس کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی اور اس کی عمر 30 سال کے قریب بتائی جاتی ہے تاہم پولیس تلاش ایپ اور بائیو میٹرک سسٹم کی مدد سے اس کی شناخت کے حوالے سے کوششیں کر رہی ہے۔
ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ہلاک ڈاکو کے قبضے سے اسلحہ اور 125 موٹر سائیکل بھی ملی ہے جس کا سی پی ایل سی سے ریکارڈ چیک کرایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس نے ہلاک ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی ہے اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔