فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں حکمران سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیں، حافظ نعیم

مشرف نے بھی امریکا کی حمایت کرکے ملک کو تباہی کے راستے پر ڈالا، یہ حکمران بھی وہی راستہ اپنا رہے ہیں

فوٹو فائل

لاہور:

جماعت اسلامی کے سربراہ حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں، حکمران دہشت گردی روکنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز اور سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے۔

منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کی مرکزی شوری کے تین روزہ اجلاس سے افتتاحی خطاب میں حافظ نعیم نے کہا کہ آٹھ فروری کے دھاندلی زدہ انتخابات کو دو سال مکمل ہوگئے، حکومت عوامی تائید سے محروم اور حکومتی رِٹ نہ ہونے کے برابرہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کی لہر پریشان کن ہے، ملک میں انتشار کے اسباب میں اندرونی اور بیرونی عناصر شامل ہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے واضح کیا کہ فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں، حکمران دہشت گردی روکنے کے لیے اسٹیک ہولڈرز، سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر اقدامات کریں۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کے مجوزہ امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کی مخالفت کریں گے، مشرف نے بھی امریکا کی حمایت کرکے ملک کو تباہی کے راستے پر ڈالا، افسوس موجودہ حکمران بھی وہی راستہ اپنا رہے ہیں، حماس کی پالیسی قابل ستائش، اسلامی تحریکوں کو اس سے رہنمائی حاصل کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ وادی تیراہ کی صورت حال پریشان کن، عوام کو نکالنے سے دہشت گردی ختم نہیں ہوگی۔

دریں اثنا جماعت اسلامی نے عید کے بعد آئی پی پیز کے خلاف  دوبارہ تحریک چلانے کا عندیہ دے دیا۔

Load Next Story