سری لنکا کے بعد یو اے ای کی پاکستان سے بھارت کیخلاف میچ کے بائیکاٹ پر نظرثانی کی درخواست

اماراتی بورڈ  نے کرکٹ کے بہترین مفاد  میں فیصلہ کرنے کی سفارش کی ہے

سری لنکا کے بعد یو اے ای نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کر دی۔

ذرائع کے مطابق اماراتی کرکٹ بورڈ نے  پاکستان کرکٹ بورڈ  سے  رابطہ کیا ہے اور  بھارت کے خلاف 15 فروری کا میچ نہ کھیلنےکے فیصلے  پر نظر ثانی کی درخواست کی ہے، اماراتی بورڈ  نے کرکٹ کے بہترین مفاد  میں فیصلہ کرنے کی سفارش کی ہے۔

اس سے قبل سری لنکا نے بھی پاکستان سے بھارت کے خلاف 15 فروری کا میچ نہ کھیلنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی تھی۔

رپورٹ کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کو خط لکھا  تھا کہ پاک بھارت کے درمیان 15 فروری کو کولمبو میں شیڈول اس ہائی پروفائل میچ کی منسوخی سے سری لنکا کرکٹ کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑےگا۔

سری لنکا میڈیا کے مطابق پاکستان کےبائیکاٹ کےاعلان  سے سری لنکا کا ٹورزم سیکٹر متاثر ہوا ہے جبکہ سری لنکا کا پی سی بی کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ سری لنکا کرکٹ نے مشکل وقت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا ساتھ دیا ہے۔

واضح رہے کہ بنگلا دیش نے ہندو انتہاپسندوں کی دھمکیوں اور سیکیورٹی خدشات کے باعث اپنے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز بھارت کے بجائے سری لنکا میں کرانے کی درخواست کی تھی جسے بھارت نواز آئی سی سی نے مسترد کرکے بنگلادیش کو ٹورنامنٹ سے ہی باہر کردیا اور اُس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کرلیا تھا۔

اس فیصلے کیخلاف پاکستان نے بنگلا دیش کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتے ہوئے اپنا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا اور بطور احتجاج 15 فروری کو بھارت کے ساتھ ہونے والے گروپ میچ کے بائیکاٹ کا اعلان کیا۔

 

 

متعلقہ

Load Next Story