بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی بھی پاکستان سے بھارت کیخلاف میچ کھیلنے کی درخواست
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے بھی پاکستان سے کرکٹ کے مفاد میں بھارت کے ساتھ میچ کھیلنے کی درخواست کر دی۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں صدر بی سی بی محمد امین الاسلام نے کہا ’پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ کرکٹ کے فائدے کے لیے 15 فروری کوبھارت کے خلاف آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ کھیلیں‘۔
بی سی بی سربراہ کا کہنا تھا کہ بنگلا دیش کی حمایت میں پاکستان کی انتہائی بلندکوششوں سے ہم بہت متاثر ہوئے ہیں۔ ہماری بھائی چارگی ہمیشہ فروغ پاتی رہے۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے پی سی بی، آئی سی سی اور دیگرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ چیلنجز پرقابو پانے کی کوششوں میں مثبت کردارادا کرنے پرپی سی بی،آئی سی سی اور تمام متعلقہ فریقین کا شکریہ۔
بی سی بی نے خاص طور پرپی سی بی کے چیئرمین محسن رضا نقوی،بورڈ اورپاکستان کے کرکٹ پرستاروں کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے عرصے کے دوران پی سی بی نے مثالی اسپورٹس مین شپ اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے بی سی بی کے صدرنے بیان پاکستان کے مختصر دورے کے بعد جاری کیا۔