پشاور اور گردونواح میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ
فوٹو: فائل
پشاور اور گردونواح میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی جس کے باعث متعلقہ علاقوں میں موسم شدید سرد ہو گیا۔ ساری رات بارش کے بعد صبح کے وقت بارش رک گئی تاہم موسم بدستور ابر آلود ہے۔
صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور جزوی طور پر ابر آلود رہنے جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چترال، دیر (بالائی)، سوات، شانگلہ، بالائی کوہستان اور بٹگرام میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ اسی طرح تورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مالاکنڈ، مہمند، باجوڑ، شمالی و جنوبی وزیرستان میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری متوقع ہے۔
صوابی، مردان، چارسدہ، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، لکی مروت، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، اورکزئی، خیبر اور کرم کے اضلاع میں بھی چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ صوبے کے میدانی علاقوں میں کہیں کہیں دھند چھانے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب بارش کے باعث پیسکو ریجن میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔ ترجمان پیسکو کے مطابق گزشتہ رات بارش کی وجہ سے 64 فیڈرز سے بجلی کی سپلائی بند ہو گئی تھی، جس سے پشاور، سوات، خیبر، مردان، ڈی آئی خان، بنوں اور صوابی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش رکنے کے فوراً بعد پیسکو کی آپریشن ٹیموں نے مرمتی کام شروع کر دیا، بروقت کارروائی کے نتیجے میں 21 فیڈرز پر بجلی بحال کر دی گئی ہے جبکہ باقی فیڈرز پر کام جاری ہے اور جلد بجلی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی۔ پیسکو صارفین بجلی کی بندش کی اطلاع 118 پر کال کر کے دے سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز پشاور میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ پشاور ایئرپورٹ پر 7 ملی میٹر بارش ہوئی۔ مالم جبہ میں 3 انچ برفباری اور 9 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، کالام میں ایک انچ برفباری اور 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔ کوہاٹ میں 10 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
چترال میں 2 ملی میٹر، تیمرگرہ، میر کھنی، دیر، دروش، تخت بھائی اور بنوں میں 3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ ڈیرہ اسماعیل خان میں 2 ملی میٹر جبکہ چراٹ، پاراچنار اور رسالپور میں 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔