کراچی: غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، کروڑوں کی کرنسی برآمد
کراچی میں ایف آئی اے نے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔
کارروائیاں ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اور کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے مشترکہ طور پر کیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزمان سہیل اور سہروش کو ناظم آباد اور گارڈن ایسٹ کے علاقوں سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے اور غیر قانونی مالی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے 20 ہزار 50 امریکی ڈالر، 2 ہزار ترک لیرا، 1300 یو اے ای درہم اور 2170 برطانوی پاؤنڈ برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ 1000 یورو، 8001 قطری ریال، 13 ہزار 600 چینی یوآن، 7800 سعودی ریال بھی برآمد ہوئے۔
ترجمان کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 81 بحرینی دینار، 465 ملائیشین رنگٹ، 50 آسٹریلین ڈالر اور 59 لاکھ 33 ہزار سے زائد پاکستانی روپے بھی برآمد کیے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ موبائل فون اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق اہم شواہد بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔