عالمی جریدہ نے پاکستان کے افغان سرحدی بندش کے فیصلے کو بہترین حکمت عملی قرار دے دیا
افغان طالبان رجیم کی ہٹ دھرمی اور نااہلی نے افغانستان کو شدید داخلی اور خارجی بحران میں دھکیل دیا۔
عالمی جریدہ نے پاکستان کے افغان سرحدی بندش کے فیصلے کو سیکیورٹی کے نقطہ نظر سے بہترین حکمت عملی اور جائز اقدام قرار دے دیا۔
عالمی جریدے یوریشیا ریویو کے مطابق پاکستان کیلئے افغانستان کیساتھ سرحدی انتظام محض کسٹمز یا تجارت کا معاملہ نہیں بلکہ بقا و سلامتی کا مسئلہ ہے، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا جس میں سکیورٹی اہلکار اورعام شہری شہید ہوئے۔
امریکی جریدے کے مطابق پاکستان کی جانب سے افغان سرحدی راستوں کو بند کرنا اپنے شہریوں کے تحفظ کیلئے ایک بہترین فیصلہ ہے، پاکستان کا موقف ہے کہ کابل کیساتھ تعلقات معمول پر لانے میں رکاوٹ صرف دہشتگردی ہے۔
عالمی ماہرین کے مطابق افغان طالبان کو یہ واضح فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ دہشتگرد عناصر کو پناہ دیتے رہیں گے یا خطے کے ممالک کے ساتھ مل کر امن اور ترقی کے مشترکہ سفر کا حصہ بنیں گے، افغان سرزمین سے ہونے والی دراندازی اور دہشتگردی کی سرگرمیوں نے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ ایران اور تاجکستان کی سلامتی اور استحکام کو بھی شدید متاثر کیا ہے۔