ریپ الزام پر ڈی پورٹ ہونے والے مسافر کی فرار کی کوشش، ایئرپورٹ کی بالائی منزل سے چھلانگ لگا دی
فوٹو : اے ایف پی
اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ریپ کے الزام میں ڈی پورٹ ہونے والے مسافر نے فرار ہونے کی کوشش میں لیول ٹو سے چھلانگ لگا دی اور شدید زخمی ہوگیا۔
راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے مرزا نعمان سعید نے ایف آئی اے ہولڈنگ سے واش روم جانے کا بہانہ بنایا اور لیول ٹو سے چھلانگ لگا کر فرار ہونے کی کوشش کی۔
مسافر بیلٹ نمبر 2 کے قریب گر کر شدید زخمی ہوگیا جس پر پی اے اے میڈیکل ٹیم نے فوری طور پر اسے ٹراما سینٹر منتقل کیا۔
ایئرپورٹ حکام کے مطابق مسافر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ذرائع ایف آئی اے کے مطابق فرار ہونے کی کوشش کرنے والا مسافر مبینہ طور پر آسڑیلیا سے ریپ ایشو پر ڈی پورٹ ہوا، مسافر طویل عرصے سے آسڑیلیا میں مقیم تھا اور ڈی پورٹ ہوکر شب 10 بجے واپس وطن پہنچا تھا۔
آرائیول پر ایف آئی اے امیگریشن نے مسافر کو جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے روک رکھا تھا۔