بیٹا مجھے کھیلتے دیکھنا چاہتا ہے، احمد شہزاد پی ایس ایل میں نظر انداز کیے جانے پر اشک بار

ساتھی کھلاڑیوں کو دیکھ کر خوشی بھی ہوتی ہے لیکن اپنے لیے افسردہ ہوجاتا ہوں، احمد شہزاد

سابق پاکستانی اوپننگ بلے باز احمد شہزاد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں سیزن کے لیے  منتخب نہ ہونے پر لائیو شو میں رو پڑے۔

نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں میزبان تابش ہاشمی نے احمد شہزاد سے سوال کیا کہ آپ پی ایس ایل کی وننگ ٹیم کا حصہ رہ چکے ہیں لیکن گزشتہ تین سال سے لیگ سے باہر ہیں تو آپ کو کیسا لگتا ہے؟

احمد شہزاد نے کہا ’مجھے اپنے لیے بہت دکھ ہوتا ہے، ساتھی کھلاڑیوں کو دیکھ کر خوشی بھی ہوتی ہے لیکن اپنے لیے افسردہ ہوجاتا ہوں‘۔

احمد شہزاد یہ کہتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے کہ ’سب سے زیادہ دکھ اس بات کا ہے کہ میرا بیٹا اب 9 سال کا ہوگیا ہے اور وہ مجھے کھیلتا دیکھنا چاہتا ہے‘۔

میزبان تابش ہاشمی یہ صورتحال دیکھ کر فوری طور پر اپنی سیٹ سے اٹھ کر احمد شہزاد کے پاس پہنچے اور انہیں گلے لگاکر تسلی دی۔

آنکھوں سے جاری اشک پوچھتے ہوئے احمد شہزاد نے مزید کہا کہ ’بیٹا میرے ساتھ سوتا ہے، وہ میرا دل رکھنے کے لیے کہتا ہے بابا مجھے یاد ہے آپ کھیلتے تھے لیکن اب میں آپ کو اچھے طریقے سے یاد رکھ پاؤں گا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ میں ویسے خوش ہوں لیکن یہ چیز ہے جو میرے دل کو لگی اور مجھے شدید دکھ ہوتا ہے‘۔

Load Next Story