بنگلا دیش میں پولنگ اسٹیشن پر دھماکہ، تین افراد زخمی
بنگلا دیش کے ضلع گوپال گنج میں قومی انتخابات کے دوران ایک پولنگ اسٹیشن کے قریب دیسی ساختہ بم دھماکے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔
چینی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق جمعرات کی صبح پیش آنے والے اس واقعے کی تصدیق مقامی پولیس نے کی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ ایک پولنگ سینٹر پر ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پرامن انداز میں اپنا حق رائے دہی استعمال کریں اور افواہوں پر توجہ نہ دیں۔