کراچی؛ سیکیورٹی گارڈ نے بلیک میل کرنے والی خاتون کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ویڈیو بھی سامنے آگئی

مقتولہ خاتون اور گرفتار سیکیورٹی گارڈ مبینہ طور پر آپس میں دوست تھے، پولیس

کراچی:

پاپوش نگر صرافہ بازار میں واقع نجی بینک کے باہر فائرنگ سیکیورٹی گارڈ نے فائرنگ کرکے خاتون کو قتل کر دیا، پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چلیدہ خول برآمد کرلیا۔

پولیس کے مطابق مقتولہ خاتون اور گرفتار سیکیورٹی گارڈ مبینہ طور پر آپس میں دوست تھے اور دوران تفتیش گرفتار گارڈز نے بتایا کہ مقتولہ خاتون اسے بیلک میل کر رہی تھی اور اسی وجہ سے اس نے فائرنگ کی۔

تفصیلات کے مطابق پاپوش نگر تھانے کے علاقے پاپوش نگر صرافہ بازار میں واقع نجی بینک کے باہر فائرنگ کے واقعے میں ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا تاہم شدید زخمی خاتون دوران علاج دم توڑ گئی۔

مقتولہ خاتون کی شناخت 32 سالہ زاہدہ زوجہ آصف کے نام سے کی گئی، مقتولہ خاتون چاندنی چوک کی رہائشی تھی۔ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو بھی موقع پر طلب کیا۔

ایس ایچ او پاپوش نگر شوکت اعوان نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتولہ خاتون کو نجی بینک میں تعینات سیکیورٹی گارڈ صادق ولد حاجی خان نے فائرنگ کرکے قتل کیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے سیکیورٹی گارڈ صادق کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کر دیا۔

انہوں نے بتایا کہ مقتولہ کے پاس گرفتار سیکیورٹی گارڈ کی ویڈیو موجود تھی اور مزید رقم نہ ملنے پر گارڈ کو ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکی دے کر بلیک میل کر رہی تھی جس کی وجہ سے گرفتار سیکیورٹی گارڈ پریشان تھا۔ جمعرات کو گرفتار سیکیورٹی گارڈ نے رقم دینے کے بہانے خاتون کو فون کال کرکے بلوایا اور اسے فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا۔

ایس ایچ او نے بتایا کہ اسپتال سے پولیس کو اطلاع موصول ہوئی ہے کہ خاتون دوران علاج دم توڑ گئی۔ پولیس نے گرفتار سیکیورٹی گارڈ کے قبضے سے اسلحہ اور جائے وقوع سے چلیدہ خول بھی برآمد کیے ہیں جبکہ مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

پاپوش نگر صرافہ بازارمیں سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سےخاتون کے قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے خاتون کے قتل کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم گارڈ نے خاتون کو رقم دینے کے بہانے اے ٹی ایم پر بلایا۔

خاتون اے ٹی ایم پہنچی تو ملزم رقم لینے مشین پر گیا، خاتون نے جیسے ہی اے ٹی ایم کیبن کا دروازہ کھولا تو ملزم نے فائرنگ کر دی جس کے باعث خاتون کو پہلی گولی سینے پر لگی۔

ویڈیو میں دیکھا گیا کہ زخمی خاتون نے بھاگ کر جان بچانے کی کوشش کی تو ملزم نے تعاقب کیا، ملزم سیکیورٹی گارڈ نے عقب سے مزید دو فائر کیے جبکہ فائرنگ کرتے دیکھ کر ساتھی گارڈ نے ملزم گارڈ کو روکنے کی کوشش کی۔

متعلقہ

Load Next Story