دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے شاندار کردار کا عالمی سطح پر اعتراف
انسدادِ دہشتگردی اور باہمی تجارت کے شعبوں میں پاکستان کے کردار کو عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے۔
حکام اور ماہرین کے مطابق پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف مؤثر اقدامات اور قربانیوں کے ذریعے بین الاقوامی برادری میں ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنی ساکھ مضبوط کی ہے۔
امریکی معاون وزیر خارجہ پال کپور نے کہا ہے کہ خطے میں انسدادِ دہشت گردی کے لیے پاکستان امریکا کا ایک اہم شراکت دار ہے۔
ان کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی تعاون نہ صرف دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں مددگار ثابت ہو رہا ہے بلکہ داخلی اور سرحد پار سیکیورٹی خطرات سے نمٹنے میں بھی معاون ہے۔
پال کپور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون بڑھ رہا ہے، جبکہ توانائی اور زراعت کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ اور دیگر اعلیٰ امریکی حکام بھی دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کا اعتراف کر چکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی تعاون کے ساتھ ساتھ معاشی، تجارتی اور تکنیکی شعبوں میں بڑھتی ہوئی شراکت داری پاکستان کی اسٹریٹجک اہمیت کو مزید اجاگر کر رہی ہے۔