پوری قوم بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی وجہ سے پریشان ہے، فواد چوہدری

نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 3 اپریل تک توسیع

لاہور:

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پوری قوم بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کی وجہ سے پریشان ہے۔

لاہورمیں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ قید کے دوران بانی پی ٹی آئی کو جس طرح قید تنہائی میں رکھا گیا اس وجہ سے انکی آنکھ ضائع ہوئی، بلڈ پریشر کا آنکھ پر اثر ہوا، پوری دنیا میں جمہوریت کے لیے بات کرنے والے بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور انکے علاج کا مطالبہ کررہے ہیں۔ 

فواد چوہدری نے کہا کہ اٹارنی جنرل کی جانب سے جو عدالت میں یقین دہانی کروائی گی اس کے مطابق فوری میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے، بانی پی ٹی آئی کی قید تنہائی کو ختم کیا جائے، جیلوں سے سیاسی لوگوں کی رہائی کے لیے اقدامات کیے جائیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو چار سال سے زائد عرصہ ہوگیا، کیا پاکستان آگے بڑھا ہے ان چار سالوں میں پاکستانیوں کی چیخ نکل چکی ہیں۔

جمشید چیمہ نے اے ٹی سی کے باہر میڈیا سے گفتگو  میں کہا کہ ہمیں ایک صدمہ بھولا نہیں تھا اس حکومت نے ایک اور حرکت کردی، سب سے بڑے آدمی اور سب سے بڑے سیاست دان پر ٹارچر اور فزیکل ٹارچر کیا گیا، نہ وہ ملک دشمن تھا نہ وہ باغی تھا، بانی پی ٹی پاکستان اور آئین پر عملدرآمد کرنے والا انسان ہے، اس کی آنکھوں کو ضائع کیا گیا ہے۔

جمشید چیمہ نے کہا کہ یہ نالائق قسم کے وزیر جب بانی پی ٹی آئی کو گولی لگی تو تمسخر اڑانے کیلئے انہیں لنگڑا کہتے تھے، اس حملے میں کسی کو سزا نہیں ہوئی اب یہ حملہ ہو گیا، یہ حکومت اب ذاتی دشمنی پر اتر آئی ہے، اس کے نتائج ٹھیک نہیں ہونگے، حکومت چیزوں کو پیچیدہ کر رہی ہے جس کے بعد چیزیں آپ سے کنٹرول نہیں ہوں گی،  یہ اپنی حرکتوں سے باز آجائیں، بانی پی ٹی آئی کا حق ہے اسے انصاف دیا جائے، جو آپ نے بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کیا ہے اس پر معافی مانگیں۔

قبل ازیں انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان سمیت دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں تین اپریل تک توسیع کردی۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے نو مئی جلاو گھیراؤ کے مقدمات پر سماعت کی۔ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہو کر حاضری مکمل کروائی، سابق وفاقی وزیر اسد عمر، علیمہ خانم، عظمی خانم، اعظم خان سواتی عدالت میں پیش نہیں ہوئے، انکے وکلا نے حاضری معافی کی درخواست دائر کی جو عدالت نے منظور کرلی۔

Load Next Story