چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں پرورش پانے والے 5 بچے رشتہ ازدواج میں منسلک
چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں پرورش پانے والے 5 بچے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئے۔
نکاح کی تقریب لاہوربیورو میں انجام پائی، جہاں ارسلان شوکت کا نکاح عائشہ خالد سے جب کہ شاہ زیب عظمت کا نکاح آمنہ شہزاد سے ہوا۔ اسی طرح بیورو میں پرورش پانے والی سمیرا عارف کی شادی محمد عمران سے انجام پائی۔
چائلڈپروٹیکشن بیوروکی چیئرپرسن سارہ احمد نے اس موقع پر بتایا کہ یہ دونوں جوڑے 10 سال سے زائد عرصہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں مقیم رہے اور اب ان کی عمریں 20 سال سے زائد ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان بچوں کو اپنے والدین یا قریبی لواحقین کے بارے میں معلومات نہیں ہے۔ بیورو میں قیام کے دوران ان بچوں نے تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ مختلف ہنر بھی سیکھے، جس کی بدولت وہ برسر روزگار ہوئے اور باعزت زندگی گزارنے کے قابل بنے۔
چیئرپرسن کے مطابق اس سے قبل بھی بیورو میں پرورش پانے والے 2 لڑکوں اور 2 لڑکیوں کے نکاح کا اہتمام کیا جا چکا ہے۔
تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ندیم اختر، ڈائریکٹر پروگرام حسنین خالد، ڈائریکٹر ایڈمن وقار عظیم، بیورو کے عملے اور بچوں نے شرکت کی۔ سارہ احمد نے نئے جوڑوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی آئندہ زندگی کے لیے دعا گو ہیں اور شادی کے انتظامات میں تعاون کرنے والے تمام افراد کی شکر گزار ہیں۔