گجرات: ٹریفک چالان کے بعد بزرگ شہری کو دل کا دورہ، سڑک پر ہی انتقال ہوگیا
پنجاب کے ضلع گجرات میں ٹریفک پولیس کی جانب سے 2000 روپے جرمانہ عائد کیے کے بعد بزرگ شخص کی دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ اولڈ جی ٹی روڈ پر ٹریفک پولیس آفس کے قریب پیش آیا جہاں 60 سالہ طاہر بیگ موٹر سائیکل پر گھر جا رہے تھے کہ ٹریفک پولیس نے انہیں روک لیا۔
پولیس حکام نے مبینہ طور پر ہیلمٹ نہ پہننے پر موٹر سائیکل سوار پر 2000 روپے جرمانہ عائد کیا، متوفی نے ڈیوٹی اہلکاروں سے درخواست کی کہ اس کے پاس رقم نہین ہے، اس کا جرمانہ معاف کر دیں تاہم حکام نے ان کی درخواست کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
اس کے بعد متوفی جرمانے کی ادائیگی کے لیے رقم کا بندوبست کرنے کے لیے اپنی موٹر سائیکل کے بغیر جی ٹی ایس چوک کی طرف پیدل پڑا اور چند میٹر کے فاصلے پر گر کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
عینی شاہدین نے ریسکیو 1122 کو فون کیا، چیک اپ کے بعد شہری کو مردہ قرار دیا گیا، بعد ازاں ریسکیو اور پولیس اہلکاروں نے لاش کو عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ اسپتال (ABSTH) منتقل کیا۔
گجرات پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ ٹریفک حکام کی جانب سے جرمانہ عائد کرنے کے بعد بزرگ شخص کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اے بی ایس ٹی ایچ کے ڈاکٹروں نے ان کی موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دیا ہے، ڈی پی او گجرات نے ایس پی (انوسٹی گیشن) کو واقعہ کی انکوائری کا حکم دیا۔