عثمان طارق ہمارا ٹرمپ کارڈ ہے بھارتی ٹیم کیلیے پلان تیار ہے، کپتان سلمان علی آغا

 انہوں نے کہا کہ عثمان طارق کے بولنگ ایکشن سے متعلق باتیں ہوتی رہی ہیں حالانکہ وہ دو مرتبہ کلیئر ہو چکے ہیں

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل اسپنر عثمان طارق کو ٹیم کا ٹرمپ کارڈ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری بھارتی ٹیم کے لیے پلان تیار ہے ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

کولمبو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ان کے لیے تمام کھلاڑی یکساں اہمیت رکھتے ہیں، تاہم عثمان طارق کو سب نے خود ٹرمپ کارڈ بنایا ہے اور وہ ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ عثمان طارق کے بولنگ ایکشن سے متعلق باتیں ہوتی رہی ہیں حالانکہ وہ دو مرتبہ کلیئر ہو چکے ہیں۔ سمجھ نہیں آتا کہ ان کے ایکشن پر بار بار سوال کیوں اٹھایا جا رہا ہے لیکن اس سب کا ان پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

قومی کپتان نے کہا کہ کل بھی ایک بڑے درجے کا میچ ہے اور ٹیم مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں کی کنڈیشنز سے ٹیم ہم آہنگ ہے، پچ کے بارے میں بھی مکمل آگاہی ہے، البتہ بارش پر کسی کا اختیار نہیں۔ اگر بارش کی وجہ سے اوورز کم ہوئے تو اس صورتحال کے لیے بھی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسکواڈ کے تمام 15 کھلاڑی ان کے لیے اہم ہیں اور کنڈیشنز کو دیکھ کر پلیئنگ الیون کا فیصلہ کیا جائے گا۔ سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ بابر اعظم رنز کر رہے ہیں اور ٹیم کو ان کی فارم پر کوئی تشویش نہیں، امید ہے وہ اگلے میچ میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ مقابلوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا بھارت کرکٹ ٹیم کے خلاف ریکارڈ زیادہ اچھا نہیں رہا، تاہم ٹیم نے ماضی سے سیکھا ہے اور کوشش ہوگی کہ اس بار بہتر کھیل پیش کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کی پوری پلیئنگ الیون کے لیے منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔

سلمان علی آغا نے کہا کہ کپتانی ایک اضافی ذمہ داری ہوتی ہے اور اس کے ساتھ دباؤ بھی ہوتا ہے کیونکہ آپ ملک کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں اور سب کی نظریں آپ پر ہوتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیم میدان میں بہترین کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔

 

متعلقہ

Load Next Story