وندے ماترم پر نیا تنازع، یوگی آدتیہ ناتھ کا سخت بیان سامنے آگیا
بھارت میں متنازع قومی ترانے وندے ماترم کے استعمال پر ایک بار پھر سیاسی اور سماجی بحث شدت اختیار کر گئی ہے۔
مختلف رپورٹس کے مطابق بعض ہندو قوم پرست تنظیمیں اس ترانے کو اپنے نظریاتی ایجنڈے کے فروغ کے لیے استعمال کر رہی ہیں، جس پر ملک میں اختلافات بڑھتے جا رہے ہیں۔
بھارتی اخبار اسٹیٹسمین کے مطابق اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ وندے ماترم کی مخالفت کرنے والوں کو بھارت میں رہنے کا حق نہیں ہونا چاہیے۔
اسی حوالے سے انڈین ایکسپریس نے رپورٹ کیا کہ یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وندے ماترم کے مخالفین کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ چند روز قبل انہوں نے بابری مسجد کے حوالے سے بھی متنازع بیان دیا تھا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ اس معاملے نے بھارت میں مذہبی و سماجی تقسیم کے خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ ناقدین کے مطابق حکمران جماعت پر الزام ہے کہ وہ ہندوتوا بیانیے کو سیاسی طور پر استعمال کر رہی ہے، تاہم پارٹی رہنما ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق ایسے بیانات اور اقدامات ملک میں مختلف مذہبی طبقات کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ قومی یکجہتی اور ثقافتی شناخت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔