طارق رحمان نے اپنی جماعت کی تاریخی کامیابی کو جمہوری جدوجہد کرنے والوں کے نام کردیا

الیکشن کمیشن کے مطابق بی این پی اتحاد نے 212 نشستیں جیت کر دو تہائی اکثریت حاصل کی

ڈھاکا: بنگلا دیش کے انتخابات میں تاریخی فتح کو طارق رحمان نے ان شہریوں کے نام کر دیا ہے جنہوں نے 2024 کی تحریک کے دوران جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں۔

جمعرات کو ہونے والے عام انتخابات میں بی این پی اور اس کے اتحادیوں نے بھاری اکثریت حاصل کی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بی این پی اتحاد نے 212 نشستیں جیت کر دو تہائی اکثریت حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی کی قیادت میں اتحاد کو 77 نشستیں ملیں۔ ووٹر ٹرن آؤٹ تقریباً 59 فیصد رہا۔

طارق رحمان نے انتخابی نتائج کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ “یہ فتح بنگلا دیش اور جمہوریت کی ہے۔”

انہوں نے قومی اتحاد پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کو اس وقت کمزور معیشت، انتظامی چیلنجز اور قانون و انصاف کی بحالی جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے۔

طارق رحمان نے کہا کہ نئی حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی، مالیاتی نظام کا استحکام اور مؤثر طرزِ حکمرانی کا قیام ہوگا۔ انہوں نے سیاسی اختلافات کے باوجود قومی مفاد میں متحد رہنے کی اپیل بھی کی۔

یاد رہے کہ حالیہ ریفرنڈم میں آئینی اصلاحات کی بھی منظوری دی گئی، جن میں وزیر اعظم کی مدت کی حد، پارلیمنٹ کے ایوان بالا کا قیام اور عدلیہ کی آزادی کو مضبوط بنانا شامل ہے۔

Load Next Story