اسلام آباد: پی ٹی آئی کے متعدد اراکین سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف پولیس پر فائرنگ کا مقدمہ درج
فوٹو: فائل
اسلام آباد: تحریک انصاف کے متعدد اراکین قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی سمیت دیگر رہنماؤں پر اسلام اباد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔
مقدمے کے متن کے مطابق اراکین اسمبلی کے گن مینوں نے پولیس پر سیدھی فائرنگ کی، اراکین اسمبلی نے پولیس اہلکاروں کی یونیفارم بھی پھاڑدی۔
تھانہ سیکریٹریٹ میں درج مقدمہ میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 7ATA سمیت دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں، اراکین اسمبلی اور دیگر 50/55 عہدیدران اور ورکر کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمہ دفعہ 144 اور PAPO ایکٹ 2024 کی خلاف ورزی پر تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق پی ٹی آئی کے پارلیمنٹرینز اور کارکنوں پر نعرہ بازی اور راستے بند کرنے کا الزام ہے، ملزمان نے کارِ سرکار میں مداخلت اور اہلکاروں سے ہاتھا پائی کی، ایف آئی آر میں فائرنگ، سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچانے اور وردیاں پھاڑنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے ریڈ زون میں اجتماع پر پابندی کے باوجود پیش قدمی کی، ایف آئی آر کے مطابق دو ملزمان کو موقع سے گرفتار کر لیا گیا جبکہ متعدد افراد فرار ہو گئے۔
واقعہ پارلیمنٹ لاجز کے عقب اتاترک ایونیو لنک روڈ پر پیش آیا، ایف آئی آر میں انسدادِ دہشت گردی اور دیگر سنگین دفعات بھی شامل ہیں، پولیس نے مقدمے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔