بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو تہاڑ جیل سے رہا کردیا گیا
بالی ووڈ اداکار راجپال یادو کو چیک باؤنس کیس میں ضمانت مل گئی جس کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا۔
بالی ووڈ کو درجنوں بلاک بسٹر کامیڈی فلمیں دینے والے اداکار راجپال یادو کو ایک ایسے کیس میں ضمانت مل گئی ہے جو 2010 سے ان کا پیچھا کر رہا تھا۔
طویل عرصے سے جاری چیک باؤنس کیس میں قانونی مشکلات کا سامنا کرنے والے اداکار کو فلم انڈسٹری کی جانب سے ملنے والی حمایت کے بعد بالآخر مشروط ضمانت مل گئی۔
گزشتہ ہفتے دہلی کی ایک عدالت نے ان کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ تقریباً 9 کروڑ روپے کی ادائیگی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
تاہم پیر (16 فروری) کو یادو کو کچھ شرائط کے ساتھ ضمانت مل گئی جس سے انہیں عارضی ریلیف حاصل ہوا۔
کیس کیا ہے؟
یہ معاملہ 2010 کا ہے جب یادو اور ان کی اہلیہ نے اپنی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’آتا پتا لاپتا‘ کے لیے تقریباً 5 کروڑ روپے قرض لیا تھا، فلم باکس آفس پر ناکام ہونے کے بعد قرض کی واپسی مشکل ہو گئی تھی۔
تصفیہ معاہدہ ہونے کے باوجود یادو مبینہ طور پر طے شدہ ادائیگیوں پر عمل نہ کر سکے، جس کے باعث اس ماہ کے آغاز میں عدالت نے سخت کارروائی کی اور انہیں تہاڑ جیل میں سرنڈر کرنا پڑا۔