عماد وسیم نے نائلہ راجہ سے شادی کی تصدیق کردی
فوٹو فائل
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق آل راؤنڈر عماد وسیم نے نائلہ راجہ کے ساتھ شادی کی تصدیق کردی۔
عماد وسیم نے سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر اپنی ماضی کی زندگی، بچوں اور دوسری شادی سے متعلق تفصیلی پوسٹ کی۔
اپنی پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ میں نے پہلی شادی کے بعد بہت تکلیف کے ساتھ وقت گزارا ہے کیونکہ وہ رشتہ میرے کیلیے بڑی نعمت تھا جس کی وجہ سے مجھے بچے ملی جن سے بے پناہ محبت ہے اور یہ کبھی نہیں نہیں ہوگی۔
عماد وسیم نے لکھا کہ میں اُس رشتے کو بہتر اور حالات ٹھیک کرنے کی کوشش میں ضرورت سے زیادہ عرصے تک رہا مگر کامیاب نہ ہوسکا، اس دوران کچھ فیصلوں میں تاخیر اور غلطیاں بھی ہوئیں۔
سابق آل راؤنڈر نے لکھا کہ میری غلطیوں اور تاخیر کا خمیازہ ایک بے گناہ شخص کو بھگتنا پڑا جس نے بے بنیاد الزامات کا سامنا کیا اور مجھے اس پر آج بھی علی افسوس ہے۔
عماد وسیم نے کہا کہ اللہ کی رحمت اور والدین کی رہنمائی سے اب میں نے نائلہ سے شادی کرلی ہے اور یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا تاکہ ایک پُرسکون، باوقار اور باہمی احترام پر مبنی زندگی گزار سکوں۔
انہوں نے کہا کہ نائلہ نے میری زندگی میں جو کردار ادا کیا وہ ناقابل بیان ہے اور میں اپنے فیصلے پر قائم ہوں۔ سابق کرکٹر نے واضح کیا کہ اُن کی اولین ترجیح بچے ہیں کیونکہ باپ کا کام صرف مالی ذمہ داری پوری کرنا نہیں بلکہ بچوں کے ساتھ وقت گزارنا، محبت اور رہنمائی فراہم کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔
عماد وسیم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ تمام تر کوششوں کے باوجود میں اپنے بچوں سے ملاقات نہیں کرپارہا جبکہ میری خواہش ہے کہ اُن کی زندگی میں ایک باپ کی حیثیت سے کردار ادا کروں۔
عماد وسیم نے مزید لکھا کہ میں اپنے ماضی کی غلطیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ذمہ داری قبول کر کے آگے بڑھنا چاہتا ہوں اور امید ہے کہ وہاں (سابق اہلیہ) کی طرف سے بھی سمجھوتہ ہوگا تاکہ بچوں سے مل سکوں۔
انہوں نے عوام اور میڈیا سے درخواست کی کہ ان کی ذاتی زندگی کا احترام کیا جائے اور غیر ضروری بحث و مباحثے سے گریز کیا جائے۔