کراچی بڑی تباہی سے بچ گیا، سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں مقابلہ، 4 دہشتگرد ہلاک، بارودی مواد برآمد
شہر قائد ایک بڑی تباہی سے بال بال بچ گیا جب شاہ لطیف ٹاؤن میں محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) اور دہشتگردوں کے درمیان ہونے والے شدید مقابلے میں چار دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ مقابلے میں سی ٹی ڈی کے دو اہلکار بھی زخمی ہوئے جن میں ہیڈ کانسٹیبل محمد یوسف اور سپاہی راجہ جنید شامل ہیں، دونوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
گرفتار دہشتگردوں کا تعلق مبینہ طور پر فتنہ آل ہندوستان بشیر زیب نیٹ ورک سے بتایا جا رہا ہے۔
علاقے میں مزید خطرات کے پیش نظر بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا، جس نے گھر کی تلاشی کے دوران بھاری مقدار میں بارودی مواد کی موجودگی کی تصدیق کی۔
اطلاعات کے مطابق گھر میں ڈرموں میں آئی ای ڈیز تیار کی جا رہی تھیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے ڈیٹونیٹرز، ڈیٹونیٹک وائر اور سرکٹس بھی برآمد کرلیے ہیں۔
سی ٹی ڈی نے فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے ضلع ملیر سمیت مختلف اضلاع میں ناکہ بندی کردی ہے جبکہ سرچ آپریشن تاحال جاری ہے۔