ڈی آئی خان؛ دہشت گردوں کا رات گئے دو تھانوں پر حملہ، پولیس اور کسٹم اہلکار سمیت 3 شہید

دہشت گردوں کے حملے میں 3 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ دہشت گرد ایک اہلکار کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے

فوٹو: فائل

ڈی آئی خان:

خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے دہشت گردوں نے دو تھانوں پر اچانک حملہ کر دیا، جس کے بعد علاقے میں شدید فائرنگ سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے پہلے نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا اور پھر گھات لگا کر پولیس پر بھی فائرنگ شروع کر دی۔

اطلاع ملتے ہی پولیس کی کوئیک رسپانس ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور بھرپور جوابی کارروائی کی۔

پولیس کے مطابق دو تھانوں پر دہشتگردوں کے حملے میں پولیس اور دو کسٹم اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔ دہشت گرد ایک اہلکار کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔

کسٹم تھانے پر دہشت گردوں کے حملے میں کانسٹیبل محمد اسرار شہید اور کانسٹیبل محمد نعمان زخمی ہوگئے جبکہ کانسٹیبل زبیر کو نامعلوم دہشت گرد اپنے ساتھ لے گئے۔

دہشت گردوں نے رات گئے ڈیڑھ بجے کے قریب حملہ کیا، واقعے کے بعد شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور بھاری نفری تعینات کر کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔

Load Next Story