رمضان کی مبارکبادیں؛ یہ خدا کی بے شمار نعمتوں کی قدر کا بابرکت مہینہ ہے؛ ٹرمپ
صدر ٹرمپ اور دیگر سربراہان مملک کی مسلمانوں کو رمضان کی مبارک باد
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد ممالک کے سربراہان نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کا چاند نظر آنے پر ماہ مقدس کی خصوصی مبارکباد دی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ رمضان میں مسلمان عبادت، روزہ، دعا اور خیرات میں مشغول رہتے ہیں کیوں کہ یہ خدا کی نعمتوں پر شکر بجا لانے کا مقدس مہینہ ہے۔
انھوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ رمضان روحانی تجدید کے ساتھ ساتھ خاندانی اور سماجی رشتوں کو مضبوط کرتا ہے۔ ہمدردی، خیرات، رحمت اور عاجزی جیسے مشترکہ انسانی اقدار کا مظہر ہے۔
اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مہینہ امید، مدد اور بہتر انسانی حقوق کے لیے کام کرنے کا وقت ہے۔
برطانوی بادشاہ شاہ چارلس نے رمضان المبارک کے آغاز پر جاری پیغام میں کہا کہ یہ مقدس مہینہ صبر، ہمدردی، سخاوت اور روحانی غور و فکر کی یاد دہانی کراتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ برطانیہ اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے خیر و برکت کی دعا کی اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان احترام اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔
فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اپنے پیغام میں کہا کہ رمضان المبارک برداشت، یکجہتی اور انسان دوستی کی اقدار کو فروغ دیتا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ فرانس میں مسلم کمیونٹی کی سماجی خدمات اور قومی زندگی میں کردار کو سراہا۔
کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کورنی نے کہا کہ رمضان مسلمانوں کے لیے روحانی مضبوطی، خیرات اور کمیونٹی سروس کا مہینہ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کینیڈا مذہبی آزادی اور تنوع کو اپنی طاقت سمجھتا ہے۔
جرمن چانسلر فریڈک مرز نے رمضان کے موقع پر اپنے پیغام میں امن، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جرمنی میں مقیم مسلمانوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اٹلی کے صدر سر گیئو میٹریلا نے رمضان المبارک کو انسانی اقدار، قربانی اور باہمی یکجہتی کا مہینہ قرار دیتے ہوئے مسلمانوں کے لیے خیرسگالی کا پیغام دیا۔