شوکت خانم اسپتال کا فنڈ ریزنگ این او سی منسوخ؟ حقیقت سامنے آگئی

پوسٹ وائرل ہے کہ شوکت خانم اسپتال کےلیے منعقد ہونے والی فنڈ ریزنگ تقریب کا اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا

شوکت خانم اسپتال کے افتتاح کے موقع پر اسپتال کے اطراف کی تمام سڑکیں ٹریفک کیلیے بند کر دی گئیں. فوٹو: فائل

سوشل میڈیا پر خبر گردش کررہی ہے کہ حال ہی میں اسلام آباد انتظامیہ نے شوکت خانم میموریل اسپتال کی فنڈ ریزنگ سرگرمی کے لیے جاری این او سی منسوخ کردیا ہے۔

یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب 15 فروری کو ایک سیاسی شخصیت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک نیوز گرافک شیئر کیا گیا۔

اس شیئر میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ کراچی میں شوکت خانم کے لیے منعقد ہونے والی فنڈ ریزنگ تقریب کا اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ اس پوسٹ کو مختصر وقت میں بڑی تعداد میں صارفین نے دیکھا، شیئر کیا اور اس پر تبصرے بھی کیے، جس کے بعد یہ خبر مزید پھیل گئی۔

تاہم اسپتال کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ وائرل ہونے والی معلومات دراصل ایک پرانے واقعے سے متعلق ہیں۔ یہ معاملہ 29 دسمبر 2023 کا تھا، جب اسلام آباد میں کراچی اسپتال کے لیے منعقد کیے جانے والے ایک فنڈ ریزنگ گالا کا این او سی انتظامیہ نے واپس لے لیا تھا۔

اسپتال نے واضح کیا کہ اس واقعے کے بعد سے فنڈ جمع کرنے اور کراچی میں زیرِ تعمیر منصوبے پر کام بلا رکاوٹ جاری ہے اور اسپتال کی تکمیل دسمبر 2026 تک متوقع ہے۔

اسپتال کے ترجمان نے اس سلسلے میں اسلام آباد ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آفس کا دسمبر 2023 کا سرکاری خط بھی شیئر کیا، جس میں اس وقت ہونے والی تقریب منسوخ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔ قومی میڈیا اداروں نے بھی اُس وقت اس پیش رفت کی رپورٹنگ کی تھی۔

فیکٹ چیک کے مطابق حالیہ دنوں میں سوشل میڈیا پر شیئر کیا جانے والا گرافک دراصل پرانی خبر پر مبنی ہے اور اسے موجودہ حالات سے جوڑ کر پیش کیا جا رہا ہے، جس سے غلط فہمی پیدا ہوئی۔ اسپتال انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ مستند معلومات کے لیے صرف سرکاری ذرائع پر اعتماد کیا جائے۔

Load Next Story