رمضان میں بڑی خوشخبری، امہ ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے کروڑوں روپے کے امدادی چیکس تقسیم
کراچی: امہ ویلفیئر ٹرسٹ نے رمضان افطار پروجیکٹ 2026 کے تحت 600 سے زائد مستحق مرد و خواتین میں 2 کروڑ 27 لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کے امدادی چیکس تقسیم کر دیے۔ ہر مستحق فرد کو 37 ہزار 500 روپے کے حساب سے مالی معاونت فراہم کی گئی۔
اس کے علاوہ 100 مستحق خاندانوں کو رمضان المبارک کے لیے فوڈ پیکیجز بھی دیے گئے، جبکہ ہزاروں بیواؤں اور ضرورت مند خاندانوں میں رمضان راشن کی مرحلہ وار تقسیم کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ماہِ صیام میں سحری اور افطار کی بنیادی ضروریات باعزت طریقے سے پوری کی جا سکیں۔
ٹرسٹ کے ترجمان کے مطابق رمضان فوڈ پیکیج میں آٹا، چاول، کوکنگ آئل، چینی، دالیں، روح افزا اور دیگر ضروری اشیائے خوردونوش شامل ہیں، جو ایک خاندان کی ایک ماہ کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ امدادی سرگرمیاں صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ سندھ اور بلوچستان کے دور دراز علاقوں تک بھی پھیلائی جا رہی ہیں۔
ٹرسٹ کے وائس چیئرمین حاجی عبدالرزاق بیلی نے اس موقع پر کہا کہ ادارہ بیوہ خواتین کی کفالت، یتیم بچوں کی تعلیم، علاج و معالجہ، روزگار کی فراہمی، سستا دسترخوان، سستا اسٹور اور رمضان ریلیف پروگرامز سمیت مختلف فلاحی منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ادارہ سو فیصد ڈونیشن پالیسی پر عمل کرتا ہے، جس کے تحت عطیات کی مکمل رقم براہِ راست مستحقین تک پہنچائی جاتی ہے۔
انہوں نے اہلِ خیر سے اپیل کی کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اس فلاحی مشن کا حصہ بنیں تاکہ زیادہ سے زیادہ ضرورت مند خاندانوں کی مدد کی جا سکے۔