بنوں: فورسز کے قافلے پر حملہ ناکام، 5 دہشت گرد ہلاک، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 جوان شہید
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں سیکیورٹی فورسز نےا پنے قافلے پر حملے کو ناکام بنا کر 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ اس دوران لیفٹیننٹ کرنل سمیت 2 جوان شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق
21 فروری کو ضلع بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی جانب سے بزدلانہ حملے کا نشانہ بنایا گیا، کارروائی علاقے میں خودکش بمبار سمیت خوارج عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایک بارود سے بھری گاڑی پر سوار خودکش بمبار کو سیکیورٹی فورسز کے اگلے دستے نے بروقت روک کر اس کے مذموم عزائم ناکام بنا دیا، خوارج کی جانب سے حملے کا مقصد بنوں شہر میں معصوم شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ آپریشن کے دوران خوارج کے ٹھکانوں کا سراغ لگا کر شدید فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا، دہشت گردوں نے بارودی مواد سے بھری گاڑی اگلے گروپ کی ایک گاڑی سے ٹکرا دی، حملے میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز ،سپاہی کرامت شاہ نے جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اپنی جرات مندانہ قیادت کے باعث معروف تھے اور اگلے مورچوں سے دستوں کی قیادت کر رہے تھے۔
بیان کے مطابق خوارج عناصر ماہِ رمضان کے مقدس مہینے کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے افغان سرزمین استعمال کر کے پاکستان میں دہشت گرد کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، افغان طالبان حکومت ایک بار پھر افغان سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن "اعظم استحکام " کے تحت ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ اور حمایت یافتہ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پوری رفتار سے جاری رہے گی، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہماری قوم کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔
صدرِ مملکت، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت
آصف علی زرداری نے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ شہداء کی عظیم قربانی قوم کا سرمایہ ہے۔
انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا اور درجات کی بلندی اور صبرِ جمیل کے لیے دعا کی اور کہا کہ عزم ہے کہ فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز بلا امتیاز اور بھرپور قوت سے جاری رہیں گے، قوم کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ماہِ رمضان کے تقدس کو پامال کرنے والے دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔
وزیراعظم سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی اور پاکستان فوج کے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے فتنتہ الخوارج کے مزموم عزائم ناکام بناتے ہوئے فتنتہ الخوارج کے پانچ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی اورکہا کہ فتنتہ الخوارج کی جانب سے رمضان کے بابرکت مہینے میں دہشت گردی کی کوشش اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشت گرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شہر جو بڑے نقصان سے بچایا، عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پاکستان کی افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ہم ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا اور شہید کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ شہید کرنل شہزادہ گل فراز نے جرات اور شجاعت کی تاریخ رقم کی، شہید کرنل شہزادہ گل فراز اور سپاہی کرامت شاہ کو سلام۔
انہوں نے کہا کہ کرنل شہزادہ گل فراز نے جان دے کر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، شہید کرنل شہزادہ گل فراز کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، شہداء کی عظیم قربانیوں کی قوم ہمیشہ مقروض رہے گی۔